مدح ثلاثہ بمقابلہ تبرہ ایجی ٹیشن کی تاریخ

 


Via Pinterest



سلسلۂ تاریخ 

شیعہ سوسائٹی لکھنؤ کا تیرہواں گرانقدر رسالہ


"آہنگ حیات"  (مدح ثلاثہ ایجی ٹیشن کی تاریخ)

"آهنگ حیات" (تاریخ تحریک مدح ثلاثه)


"આહન્ગે હયાત" (માદ્હે સલાસા આંદોલન નો ઇતિહાસ)

"आहन्गे हयात" (मद्हे सलासा आंदोलन का इतिहास)


"Aahange Hayaat" (History of Madhe Salasa Agitation)

"Kanto de Vivo" (Historio de Laŭdo Tri Agitado)

 

مسٹر ذاکر حسین فاروقی بی. اے

مولانا محمد علی کامون پوری فقیہ فاضل جنرل سکریٹری شیعہ سوسائٹی جوہری محلہ

عقب کوتوالی چوک کوٹھی نواب محمد رضا صاحب لکھنؤ

سرفراز قومی پریس لکھنؤ سے شائع کیا

پہلا ایڈیشن سنہ 1939 عیسوی 

  

فہرست مطالب

 

١. پیشکش                                             2

٢. انتساب                                                 3

٣. شیعہ سنی تعلقات                                         4

٤. شیعہ سنی منافرت کی ابتداء                                     5

٥. مدح صحابہ ایجی ٹیشن کا سیاسی رخ                                         7

٦. ملک کی سیاسی حالت                                                      8

٧. مجلس احرار کی آمد اور اس کی تاریخ                                         14

٨. مجلس احرار کی تاریخ پیدائش کشمیر ایجی ٹیشن ہے                15

٩. اخبارات کی کرشمہ سازیاں                                       19

١٠. لکھنؤ کی مذہبی فضا کا تکدر                                                       20

١١. مدح صحابہ یا حضرت علی (ع) پر تبصرہ                           21

١٢. اخبار مدینہ اور حق مدح صحابہ                                        23

١٣. مدح صحابہ اور ہندو                                               24

١٤. مدح صحابہ کی یو. پی. کونسل میں گونج                                    27

١٥. اہلسنت کا وفد گورنر صوبہ کی خدمت میں                                    30

١٦. شیعوں کا وفد ہزاکسلنسی گورنر یو. پی. کی خدمت میں                          31

١٧. گورنر کا جواب                                                         35

١٨. ایجی ٹیشن کا التوا                                                        37

١٩. شیعہ سنی فساد                                                     38

٢٠. السپ کمیٹی                                                             38

٢١. فیصلہ                                                                  39

٢٢. شیعی سیاست میں انقلاب                                    42

٢٣. چہلم کا خونین فساد                                                     44

٢٤. حیات نو کے آثار                                                    46

٢٥. ہماری رواداریاں                                                         48  

٢٦. دوبارہ احتجاج کی ابتدا                                                       50

٢٧. محاذ تبرہ کی تیاریاں                                               51

٢٨. شیعیان لکھنؤ کی بیداری اور مدح صحابہ کے مقابلہ کی تیاری             53

٢٩. وزیر اعظم سے شیعہ سنی وفود کی ملاقات                                54

٣٠. ١١ نومبر کا کمیونک                                                   55

٣١. صدر کانگریس کو ایڈریس                                          56

٣٢. یوم فارق                                                            60

٣٣. حافظ ابراہیم کی کوٹھی پر مارچ                                           63

٣٤. اسمبلی میں وزیر اعظم کا بیان                                     64

٣٥. صدر مجلس احرار کا خط وزیر اعظم کے نام                                65

٣٦. ٣١ مارچ کا کمیونک                                                      66

٣٧. ایجی ٹیشن کا انتظام                                                    66

٣٨. تبرہ ایجی ٹیشن                                                      67

٣٩. شیعوں کا مطالبہ                                                  67

٤٠. شیعہ سوسائٹی بک ایجنسی لکھنؤ                                                 68

"$}{@J@r"

کمپوزنگ : ابو دنیال اعظمی بریر

 

پیشکش

 

ہماری موجودہ مشکلات، ہماری مذہبی جد و جہد، ہماری عدیم المثال قربانیاں، ہماری آیندہ نسلوں کے واسطے ان کی ایمانی کاوشوں میں مشعل راہ ثابت ہوں گی اس لئے ضرورت ہے کہ ہم "مدح صحابہ کے افسانہ" کے ہر پہلو کو آئندہ نسلوں کے واسطے چھوڑ جائیں جو ان مٹے ہوئے نقوش ہمت سے سبق لین اور انگاروں کے سمندر کا سینہ چیر کر شاہد ایمان کے جلوہ آرا رخ سے نقاب ہٹانے میں کامیاب ہوں.

خیال پہلے سے تھا کہ مناظرانہ طرز بیان سے علاحده محض واقعات اور تاریخ کی حیثیت سے اس "خونچکاں اور اسلام شکن افسانہ مدح صحابہ" پر روشنی ڈالوں مگر علامہ داکتر مجتبی حسن ؒصاحب کامون پوری پی. ایچ. ڈی. جامعہ ازہر جس حکم "سمندر ہمت پہ اک اور تازیانہ ہوا" لہذا با وجود بیماری اور انتہائی مصروفیت کے "آہنگ حیات" مرتب کی جس کو آج قوم کے سامنے پیش کرنے کا شرف حاصل کر رہا ہوں.

اس کتاب کی تالیف میں سید اعظم حسین صاحب اعظم ایڈیٹر مجلہ سرفراز سے مجھ کو جو قابل قدر امداد ملی ہے اس کو میرا دل ہی جانتا ہے اس لئے بمصداق "من لم یشکر الناس لم یشکر الله" میں جناب اعظم صاحب موصوف کا شکریہ ادا کرنا اپنا فریضہ سمجھتا ہوں.

"ذاکرؔ"

 

انتساب

 

میں اس ناچیز تصنیف کو مسیح قوم، فخر ملت "سید بشیر احمد" صاحب بی. اے. ایل. ایل. بی. وکیل کے اسم گرامی سے ممنون کرتا ہوں جن کے مجاہدانہ اقدامات، حسینی نظریہ حیات اور ولولہ انگیز تقاریر نے مردہ قوم کی خشک رگوں میں ذو الفقار کے جوہر اور زندگی کی بجلیاں خون بناکر دوڑا دی ہیں.

"ذاکرؔ"

 

بسم الله الرحمن الرحيم

 

شیعہ سنی تعلقات

 

آج مسلمانان ہند جس تاریک دور سے گزر رہے ہیں وہ اس زریں زمانہ کا ادراک کرنے سے قاصر ہی‍ جس میں سرزمین ہند پر پرچم اسلام لہرا رہا تھا اور مسلمان با وجود مٹھی بھر ہونے کے کروروں انسانوں پر حکومت کر رہے تھے. مسلمان ایک دوسرے کے سچے دوست بلکہ بھائی تھے ہمارے اتحاد کی آہنی دیواریں اس قدر مضبوط تھیں کہ محمد اختیار الدین محض 2 سو افراد کو لے کر بہار اور بنگال ایسے وسیع صوبہ جات پر پر حملہ آور ہوا اور کامیاب ہوا.

کیا محمود غزنوی کی معمولی سی فوج نے ہندوستان بھر کو لرزہ بر اندام نہیں کیا.؟ کیا بابر کے 10 ہزار جانبازوں نے رانا سانگا کے 2 لاکھ سلحشوروں کو نہیں مار بھگایا.؟ کیا ہمایوں کے 12 ہزار ایرانیوں نے ہیمو کی لاکھوں کی فوج کو تہس نہس نہیں کیا.؟ مگر یہ سب کیوں تھا.؟ محض اس لئے کہ اس زمانہ کے مسلمان "کل مسلم أخوۃ" کے مصداق اور اتحاد و اتفاق میں یگانہ تھے. اس زمانہ کے مسلمانوں میں نہ تو فرقہ بندیاں تھیں، نہ گروہ سازیاں، نہ ان میں اونچی نیچی ذاتیں تھیں نہ فرقہ وارانہ سوالات، سنی شیعہ ایک ہی گھر میں بستے تھے اور یہ نہ معلوم ہوتا تھا کہ کون سنی ہے اور کون شیعہ …………. آہ اس زمانہ میں اتحاد، رواداری اور محبت کی گنگا بہتی تھی.!

شاہان دہلی سنی تھے مگر ان کے اکثر ماتحت شیعہ تھے، شاہان اودھ، ناظم بنگال، گولکنڈہ کا قطب شاہی خاندان، بیجاپور کی عادل شاہی سلطنت، سندھ کے سرداران، کشمیر کے گورنر کون تھے.؟ یہ سب شیعہ تھے مگر اپنے سنی شہنشاہ کے حلیف اور دوست! 

دہلی کے شہنشاہوں کے اکثر و بیشتر مشیر شیعہ تھے. ابو الفضل فیضی، بیرم خان، نعمت خان حالی اور سید برادران سلطنت مغلیہ کے وہ تابندہ گوہر ہیں جن کی موجودگی ہی نے دنیا سے مغلوں کی سلطنت کی عظمت کو منایا ہے.

شہنشاہ دہلی کی صاحبزادی کا شیعہ نواب اودھ کے ساتھ عقد اس امر کا کھلا ہوا ثبوت ہے کہ …………. اس زمانہ میں شیعہ سنی مناکحت کا رواج تھا اور دونوں فرقہ ایک دوسرے کے جذبات مذہبی و محسوسات دینی کا اس قدر خیال رکھتے تھے کہ کبھی کسی کی دل آزاری کا امکان پیدا ہی نہ ہوتا تھا.

اسلامی اتحاد کے روح پرور مناظر اور رواداری و اخوت کے کیف آگین مظاہرہ ہی اس زمانہ کو اسلام کی عظمت دیرینہ کا آئینہ دار بنایا تھا.!

 

شیعہ سنی منافرت کی ابتداء

 

مراسم عزاداری کی اہمیت اور ان کی الم انگیز کیفیت شیعوں کو جس قدر عزیز ہے وہ کسی نگاہ سے پوشیدہ نہیں. ایک شیعہ اپنی جان، مال اور اولاد تک حسین مظلوم پر نچھاور کرنا اپنا فخر جانتا ہے. عزاداری کی بقا تحفظ و ترویج اور اصلاح کا کام شیعوں کے نزدیک دنیا کے ہر کام سے زیادہ ضروری ہے.

ابتدا سے سنیوں اور شیعوں کے تعزیہ کربلائے تال کٹورہ میں جایا کرتے تھے مگر دونوں فرقوں کے متبائن جذبات کی رسہ کشی نے آخر اس رشتۂ اتحاد کو توڑا اور ماہ صفر سنہ 1905ء میں شیعوں کے ایک وفد نے ڈپٹی کمشنر سے ملاقات کی اور ان سے یہ عرض کی کہ کربلائے تال کٹورہ میں جو میلہ منجانب اہلسنت لگایا جاتا ہے جس میں علاوہ سجی سجائی دوکانوں، چرخپوجوں، اکھاڑوں کے حیا فروش عورتیں کثرت کے ساتھ جمع ہوتی ہیں ہمارے جذبات غم کیلئے انتہائی سوہان کا باعث ہوتا ہے اس لئے یہ میلہ روک دیا جائے. اہلسنت نے میلہ روکنے کی اسکیم کو ناپسند کیا اور بالآخر یہ طے پایا کہ آئندہ سال (1906) سے سنیوں کے تعزیے پھول کٹورہ کی کربلا میں دفن ہوا کریں.

کربلا کا علاحدہ ہونا تھا کہ منشی سخاوت علی صاحب (برادر کلاں ظفر الملک صاحب) اور مولوی عبد الشکور صاحب نے عوام میں اپنے آپ کو ہر دلعزیز بنانے اور علمائے فرنگی محل کے وقار کو برباد کرنے کیلئے پہلے پہل لکھنؤ میں "چار یاری جھنڈے" کی بنا ڈالی چنانچہ سنیوں نے اپنے تعزیوں کے ساتھ چار یاری نظمیں پڑھیں جس کے جواب میں شیعوں نے "قدح ثلاثہ" پر مشتمل نظمیں پڑھ کر اپنے دل کی بھڑاس نکال لی.

نتیجہ وہی ہوا جو ہونا چاہئے تھا یعنی سنہ 1907 ء اور سنہ 1908 ء میں مسلسل 2 سال لکھنؤ کی سر زمین پر بے گناہ مسلمانوں کے خون کی ندیاں بہیں اور حکومت نے مسٹر پگٹ آئی. سی. ایس. کی صدارت میں ایک کمیشن یہ طے کرنے کیلئے مقرر کیا كہ چار یاری نظموں کے پڑھنے کی اجازت دی جائے یا نہیں. 

اس کمیشن نے سنہ 1908ء میں اپنی رپورٹ پیش کر دی جس میں یہ بتلایا گیا تھا کہ چار یاری نظمیں تعزیوں کے ساتھ پڑھنا ایک جدت ہے جس کی ابتداء سنہ 1906ء سے کی گئی ہے اس لئے بالخصوص عشرہ چہلم اور 21 ماہ رمضان کو ان نظموں کا پڑھنا جانا ممنوع قرار دیا جاتا ہے. 

اس رپورت کے بموجب 7 جنوری سنہ 1909ء کو حکومت آرڈر نمبر 14 / 111 / 591 کے رو سے پبلک مقامات پر چار یاری نظمیں پڑھی جانا بند ہوگئیں.

اس حکم کو مولوی عبد الشکور اور ان کے اصحاب نے نہ مانا اور آخر چہلم سنہ 1909ء میں مولوی عبد الشکور نے سنیوں کو بھڑکا کر ایک جلوس اٹھوا دیا جس میں چار یاری نظمیں پڑھی گئیں جس کا نتیجہ یہ ہوا کہ جلوس کے جملہ شرکا گرفتار کر لئے گئے اور ان کو پولیس ایکٹ اور نقص امن کی مختلف دفعات میں سخت سزائیں ہو گئیں.

سنہ 1910ء میں مسٹر ریڈس ڈپٹی کمشنر لکھنؤ نے غلطی سے سنیوں کو سمجھانے کے واسطے ایک بیان جاری کر دیا جس میں یہ اعلان کیا گیا تھا کہ ممانعت محض 3 روز کیلئے ہے بقیہ ایام میں پولیس ایکٹ کی دفعات کے ماتحت مجسٹریت کے حکم کے بموجب سنیوں کو چار یاری جھنڈا اٹھانے کی اجازت ہے. مگر بعد میں اپنی غلطی محسوس کرتے ہوئے آپ نے اپنا بیان واپس لے لیا تھا جیسا کہ سنہ 1930ء میں کونسل میں ہوم ممبر کے جواب سے معلوم ہو چکا ہے.

اس کے بعد سنہ 1911ء میں سنیوں نے چار یاری جھنڈا اٹھانے کی اجازت مانگی مگر حکومت کی جانب سے صاف انکار کر دیا گیا.

سنہ 1912ء میں سنی عمائدین نے سر جیمس مسٹن گورنر صوبہ متحدہ کو اس امر پر آمادہ کرنا چاہا کہ حکومت اپنے فیصلہ میں ترمیم کر دے مگر اس میں بھی ان کو ناکامیابی ہوئی اور فیصلہ بحال رہا.

 

مدح صحابہ ایجی ٹیشن کا سیاسی رخ

 

سنہ 1935ء میں "افتراق بین المسلمین" کی وہ عفونت بھری لاش جو پگٹ کمیٹی کے دامن میں سلا دی گئی تھی پھر ایک ہیبت ناک طریقہ پر نمودار ہوئی اور یوم عاشور سنہ 1935ء کو چوک میں ایک شخص نے چار یاری نظمیں پڑھیں اور وہ گرفتار کر لیا گیا. 23 مئی سنہ 1935ء کو (چہلم کے روز) 2 آدمیوں (مُنّے اور محمد یونس) نے پھر چار یاری نظمیں پڑھیں اور گرفتار ہو گئے.

3 جنوری سنہ 1936ء کو کمپنی باغ میں جلوس محمدی اٹھنے والا تھا جس میں چار یاری نظمیں پڑھی جانے والی تھیں اس لئے مجسٹریٹ نے دفعہ 144 کا نفاذ کر کے اس جلوس کو روک دیا. اس کے بعد یہ جلوس 12 جون سنہ 1936ء کو کمپنی باغ سے اٹھا جس میں چند آیات قرآنی جن کو سنی خلفائے ثلاثہ کی مدح میں نازل شدہ بتلاتے ہیں پڑھی گئیں.

13 مئی سنہ 1936ء کو چہلم کے روز مدح ثلاثہ کے نام سے سنیوں نے دوبارہ ہنگامہ برپا کیا اور اس روز 14 آدمی سول نافرمانی کرتے ہوئے گرفتار کر لئے گئے.

یہ ہے ابتداء اس افسانہ کی جس کے خونچکاں مناطر ہماری آنکھوں نے کئی بار دیکھے ہیں اور جن کی یاد کبھی ہمارے دردمند قلوب سے فراموش نہیں ہو سکتی.

مدح ثلاثہ کے فتنہ کے اٹھائے جانے کے کئی اسباب ہیں جن پر ہم تفصیلی بحث کریں گے اور وہ یہ ہیں.

    ١. شیعوں کی سیاسی حالت کا برباد کیا جانا.

٢. مجلس احرار کو فروغ دینا اور الیکشن میں کانگریسی افراد کی فتح کی کوشش کرنا.

٣. عزاداری کو مٹانا.

 

ملک کی سیاسی حالت

 

سنہ 1919ء کے مانٹیگو جیمس فورڈ فارمس کے بعد سے ہندوستان رسہ کشی کا میدان بنا ہوا ہے اور ناقص جمہوریت کی فرقہ وارانہ ذہنیت کے جراثیم کو پختہ کرنے والے اثرات روز بروز نمایاں ہوتے جا رہے ہیں. ہندو مسلم اتحاد کی بنیادوں کو کھوکھلا کرنے لیگ کانگریس پیکٹ آف سنہ 1916ء کو بیکار محض ثابت کرنے اور ہندوستان کی سر زمین کو ایک دائمی  قتلگاہ بنانے کے واسطے برطانوی استعمار نے نیا شکوفہ الیکشن کا چھوڑا جس کے بعد سے ہندو مسلمان تو کیا ہندوستان کی ہر قوم اور ہر جماعت آمادہ پیکار نظر آنے لگی.

ہندوستان میں الیکشن اب تک اس پارٹی بندی کے اصول پر نہیں لڑے جاتے تھے جن پر جزائر برطانیہ، امریکہ، فرانس یا دیگر جمہوری ممالک میں لڑے جاتے ہیں بلکہ بجائے اجتماعیت کے الیکشن ایک انفرادی اور شخصی حیثیت رکھتا ہے. 2 یا 3 آدمی امیدوار بن کر کھڑے ہوتے ہیں اور اپنے ذاتی اثرات روپیہ کے زور، پروپگنڈہ کی کثرت اور اسی طرح دیگر ناجائز چیزوں پر اپنی فتوحات کی بنیاد رکھتے ہیں. ان کا مطمح محض الیکشن جیتنا ہوا کرتا ہے اور اس لئے وہ مخالف امیدوار کے خلاف جا بے جا جائز یا ناجائز اتہامات اور الزامات کا طومار باندھ دیا کرتے ہیں. 

اس دوران میں اکثر یہ ہوا کہ ایک شیعہ امیدوار کھڑا ہوا اور دوسرا سنی امیدوار اور چونکہ سنیوں کی کثرت ہے لہذا اس شیعہ امیدوار کو "رافضی" اور "کافر" ٹھہرا کر عداوت کے جذبات کو محض اس لئے برانگیختہ کیا کہ وہ اس جذباتی سیل میں جاہل اکثریت کے ووٹ حاصل کر سکے.

نتیجہ میں اس نے فتح بھی پائی اور شیعہ امیدوار محض جرم شیعیت میں شکست پا گیا.

 اسی دوران میں ہندوستان میں سر جان سائمن جو آج وزیر داخلہ انگلستان ہیں ایک تحقیقاتی کمیشن کے سلسلہ میں ہندوستان تشریف لائے. آپ کے آنے کا مقصد محض یہ تھا کہ ہندوستان میں فرقہ وارانہ نمائندگی کا صحیح تناسب مقرر کیا جائے اور اس کے واسطے آپ ملک کے ہزاروں مقتدر افراد سے ملے ان کے بیانات لئے گواہیاں لکھیں اور ہر طبقہ کے واسطے آئندہ دستور ہند میں تحفظ نشست اور تحفظ حقوق کا وعدہ فرماتے رہے. 

اسی دوران میں جب آپ لکھنؤ میں تھے تو آپ نے "شیعہ پولیٹکل کانفرنس" کے جنرل سکریٹری کو بھی طلب فرمایا اور ان سے بھی فرمایا کہ آپ چاہیں تو آیندہ دستور ہند میں شیعوں کے حقوق اور شیعوں کی نشستوں کا تحفظ کر دیا جائے مگر رواداری کے مہلک مرض میں گرفتار نمایندہ کانفرنس نے ان سے عرض کیا کہ ہم کسی تحفظ نشست کے طلبگار نہیں ہیں اور اہلسنت سے ہمارے تعلقات ایسے ہیں کہ ہم کو کوئی ضرورت نہیں معلوم ہوتی کہ ہم ان پر اظہار بے اعتمادی کرتے ہوئے مسلمانوں کے حقوق کے حصے بخرے کریں. یہ کہہ کر اس پیشکش کو ٹھکرا دیا گیا.

جس کی وجہ سے ہم آج اس مصیبت میں مبتلا ہیں اور میرے خیال میں یہ ایک ایسی فاش سیاسی غلطی ہے جس کا خمیازہ ہمیں مدتوں بھگتنا پڑے گا.

سائمن کمیشن کو گئے ہوئے تقریبا 3 ہی 4 سال کا عرصہ ہوا ہوگا کہ مرکزی اسمبلی کی عمر ختم ہو گئی اور ہندوستان کی مختلف جماعتیں پورے زور و شور سے الکشن میں حصہ لینے کیلئے تیار ہونے لگیں. راجہ صاحب سلیم پور کی کوشش سے مسلمانوں نے بھی اس الکشن میں جماعتی حیثیت سے شریک ہونا قرار دیا اور اس طرح مسلم یونٹی بورڈ کی تشکیل عمل میں آئی جس کے صدر راجہ صاحب سلیم پور اور سکریٹری ذاکر علی صاحب تھے. منشی خلیق الزمان، مولانا شوکت علی اور اسی طرح دیگر عماید اہلسنت اس بورڈ کے خاص کارکن تھے.

"مسلم یونٹی بورڈ" کی طرف سے مسلمانوں کی ہر جماعت کو دعوت اشتراک عمل دی گئی اور سوائے جمیعۃ العلماء ہند دہلی کے تقریبا مسلمانوں کی ہر جماعت اس بورڈ میں شریک ہوگئی. اس وقت شیعوں کا سوائے "شیعہ پولیٹکل کانفرس" کے کوئی سیاسی ادارہ نہیں تھا اس لئے اس ادارہ کو بھی دعوت اشتراک دی گئی اور یہ جماعت بھی راجہ نواب علی خان صاحب کی اقتدا میں یونٹی بورڈ میں شامل ہوگئی.

راجہ نواب علی خان صاحب نے اس میں شبہہ نہیں کہ مسلم یونٹی بورڈ میں شیعوں کے واسطے تحفظ نشست کا سوال اٹھایا تھا مگر سنی اکثریت نے محض ووٹوں کی کثرت سے مکمل 8 گھنٹہ بحث کے بعد اس تجویز کو ٹھکرا دیا مگر پھر بھی "شیعہ پولیٹکل کانفرنس" یونٹی بورڈ کی حلیف بنی رہی.

بورڈ نے پہلا کام تو یہ کیا کہ ہندوستان بھر کے تقریبا تمام مسلم حلقوں میں اپنے امیدوار کھڑے کئے اور انتخاب امیدواران میں یہ امر خاص طور پر ملحوظ رکھا کہ کسی مقام پر شیعہ امیدوار کو کھڑا نہیں کیا اور جہاں کہیں شیعہ ایک آزاد امیدوار کی حیثیت سے کھڑے ہوئے تھے وہاں فورا ایک سنی کو نامزد کر کے کھڑا کر دیا تا کہ شیعہ امیدوار بجرم شیعیت ہار جائے.

سر وزیر حسن صاحب بھی اس مرتبہ مرکزی اسمبلی کے الکشن کے واسطے کھڑے ہوئے تھے، مسلم یونٹی بورڈ کی سلیکشن کمیٹی نے آپ کے تدبر، سیاست دانی اور قابلیت ہر شئے کو پس پشت ڈالتے ہوئے محض اس جرم پر کہ آپ ایک اقلیت کی قوم کے فرد ہیں آپ کے مقابلہ پر اظہر علی وکیل کو کھڑا کر دیا اور نتیجہ وہی ہوا جو ہونا چاہئے تھا یعنی سنی امیدوار با وجود عدم قابلیت کے تقریبا 7 سو ووٹ سے جیتا اور ہماری کمزور قوم کا یہ تابندہ موتی اسمبلی کی ممبری سے محروم ہو گیا. 

مسٹر اظہر علی جیسے مدبر سیاستدان اور اسلام دوست ہیں وہ اسی سے ظاہر ہے کہ آپ نے محض اس امید پر کہ آپ کے صاحبزادہ کو کراچی کسٹم آفس میں نوکری مل جائے گی اٹاوہ پیکٹ پر جملہ ہندو مسلم ممبران اسمبلی کی رائے کے خلاف حکومت کی موافقت میں ووٹ دے کر ہندوستان کو برطانوی ملوکیت پرست تجارت کا شکار بنا دیا.

بہر حال الکشن ہوا اور سوائے مسٹر محمد علی جناح اور مسٹر حسین بھائی لال جی کے کوئی تیسرا شیعہ مرکزی اسمبلی کا ممبر مقرر نہ ہو سکا اور یہ دونوں حضرات بھی جو الکشن جیتے تو محض اپنے ذاتی اثرات کی بنیاد پر نہ کہ کسی ادارہ کی امداد پر.

الکشن کو چند ہی روز گزرے ہوں گے کہ ہندوستان میں قرطاس ابیض شائع ہوا جو انڈیا ایکٹ سنہ 1935ء کا ضمیمہ کہا جا سکتا ہے. اس کے شائع ہوتے ہی مختلف گوشوں میں دوبارہ آنے والے الکشن کے متعلق چہ میگوئیاں ہونے لگیں اور جملہ ہندوستانی اداره جات اس آیندہ جنگ میں اپنے وقار کے باقی رکھنے کیلئے تیار ہونے لگے.

اس دوران میں مسٹر جناح نے مسلم لیگ کی نشاۃ ثانیہ کی ذمہ داری لی اور اس مردہ جماعت کو ہندوستان کے مسلمانوں کی واحد نمائندہ جماعت بنانے کی ٹھان لی.

اس میں شبہہ نہیں کہ شیعہ استقلال اور عمل کا پتلہ ہوتا ہے اور اس وقت سنیوں کو ہمارا ممنون ہونا چاہئے کہ ہمارا ہی ایک شخص ایسا تھا جس نے کانگریس کے خوفناک اور رسوا کن پروپگنڈہ پر دھیان نہ کرتے ہوئے محض درد اسلامی سے مجبور ہو کر مسلمانوں کے بکھرے ہوئے شیرازہ کو مجتمع کیا اور آج بھی ہماری قوم کے اس نامور فرد کی قیادت پر سنی دنیا ناز کر رہی ہے.

بہر حال مسلم لیگ بنی اور ہر صوبہ میں اس نے انڈیا ایکٹ کے ما تحت جملہ آنے والے انتخابات کا مقابل کرنے کی ٹھان لی اور الکشن کے جملہ امور کو طے کرنے کے واسطے صوبہ وار مسلم لیگ پارلیمنٹری بورڈ بنا دئے گئے چنانچہ صوبۂ متحدہ میں بھی ایک مسلم لیگ پارلیمنٹری بورڈ بنایا گیا. پارلیمنٹری بورڈ کے 50 ہزار سرمایہ میں سے 36 ہزار روپیہ (یعنی 72 فیصدی مالی سرمایہ) شیعوں کا ہے.

انتخاب امیدواران میں وہی چالاکی برتی گئی جو مسلم یونٹی بورڈ نے برتی تھی یعنی منجملہ 66 نشستوں کے بورڈ نے محض 2 شیعہ امیدوار کھڑے کئے اور باقی ہر اس مقام پر جہاں کوئی شیعہ ایک آزاد امیدوار کی حیثیت سے کھڑا ہوا تھا وہاں ایک سنی امیدوار کھڑا کر کے اس کو شکست دلوائی گئی.

مسٹر سید علی ظہیر بیرسٹ با وجود گزشتہ کاؤنسل میں انتہائی اسلامی خدمات انجام دینے اور رواداری و آزاد خیالی کا مکمل مظاہرہ کرنے کے مسٹر اقبال احمد سہیل کے مقابلہ میں ہار گئے.

اسی طرح دوسرے شیعہ لیگی امیدوار راجہ صاحب سلیم پور جنہوں نے مسلمانوں کی خدمت میں اپنے کو فنا کر ڈالا محض 88 ووٹ سے اس سنی سے جیتے جس نے ذرہ برابر بھی قومی خدمات نہیں کی تھیں.

ادھر تو مسلم لیگ الکشن لڑنے کے واسطے جد و جہد کر رہی تھی ادھر کانگریس مسلم نشستوں پر دانت لگائے بیٹھی تھی. کانگریس جانتی تھی کہ مسلم نشستوں کا مسلم لیگ نیشنل ایگری کلچرسٹ پارٹی اور آزاد امیدواران مقابلہ کریں گے اس لئے اس نے سوچا کہ کوئی ایسا کرشمہ کھیلا جائے جس سے بآسانی کانگریسی مسلم امیدوار الکشن جیت سکیں سنہ 1935 ء کے کانگریس کے کھلے سالانہ اجلاس منعقدہ لکھنؤ میں صدر منتخب پنڈت جواہر لال نہرو مسلم رابطۂ عوام کی اسکیم بھی پیش کر چکے تھے …………………… اس لئے مسلم رابطۂ عوام کو مضبوط بنانے اور مسلم اکثریت کو کانگریس میں جذب کرنے کیلئے نیز مسلمان نشستوں کا مقابلہ کرنے کیلئے کانگریس نے اپنے زر خرید غلام جماعت احرار کو یو. پی میں بلایا جس نے آکر سب سے پہلے یہ دیکھا کہ بغیر مذہب کا جال پھیلائے اور شیعہ سنی منافرت پیدا کئے مسلم لیگ کو شکست دینا یا مسلم رابطہ عوام کے پروگرام کو چلانا ناممکن ہے لہذا انہوں نے مدح ثلاثہ کے فتنۂ خوابیدہ کو اٹھایا تا کہ مسلمانوں میں افتراق دال کر ان کی اکثریت کی ہمدردیاں حاصل کر لے.

 

مجلس احرار کی آمد اور اس کی تاریخ

 

شیعہ سنی منافرت شہر میں رفتہ رفتہ برھ رہی تھی کہ ایکبارگی رسوائے عالم مجلس احرار نے لکھنؤ کی سر زمین پر قدم رکھا اور مدح ثلاثہ کے فتنہ کو ہوا دینا شروع کیا. اس جماعت نے لکھنؤ میں مدح ثلاثہ کے واسطے با قاعدہ احتجاج شروع کیا.

قبل اس کے کہ ہم آگے بڑھیں ہم مجلس احرار کی تاریخ بیان کریں جس کے پڑھنے کے بعد آپ کو ان مقاصد کا اندازہ ہو جائے گا جس کےما تحت اس جماعت نے مدح ثلاثہ کے قضیہ نامرضیہ کی ابتداء کی.

 

مجلس احرار کی تاریخ پیدائش کشمیر ایجی ٹیشن ہے

 

کشمیر ایک بہت بڑی ہندو ریاست ہے جس کی آبادی 95 فیصدی مسلمان ہے. ریاستی عمال کی چالاکی اور بد دیانتی سے مسلمان آبادی کی حالت بہت خراب تھی جملہ حکام از ابتداء تا انتہا ہندو تھے اور غریب مسلمان سرکاری نوکری سے محروم رکھے جاتے تھے. ان کی تعلیمی حالت بھی بہت تباہ تھی اس لئے کہ اول تو وہ سرکاری اسکولوں میں داجک ہی نہیں کئے جاتے تھے. دوسرے یہ کہ داخل ہونے کے بعد ان پر ایسی پابندیاں اور سختیاں عائد کر دی جاتی تھیں کہ وہ اعلی تعلیم حاصل ہی نہ کر سکتے تھے.. ریاست جملہ ٹیکس اسی غریب طبقہ سے وصول کئے جاتے تھے اس لئے مسلمانان کشمیر نے ایک جماعت مسلم کانفرنس کے نام سے بنائی جس کی سرکردگی میں انہوں نے اپنے حقوق کے حصول کے واسطے ایک شاندار مجاہدہ کا آغاز کیا. اس جنگ میں ریاستی مظالم کے بے پناہ سیلاب کا شکار بنتے ہوئے بھی مسلمان نہایت استقلال کا اظہار کرتے رہے مگر جموں کی جامع مسجد میں فائرنگ کے سلسلہ میں 3 سو مسلمانوں کی شہادت کے بعد ہندوستان بھر میں ایک آگ لگ گئی.

موقع اور جذبات سے فائدہ اٹھاتے ہوئے مولوی حبیب الرحمن لدھیانوی، عطاء اللہ شاہ بخاری، چودھری افضل حق، شیخ حسام الدین اور مظہر علی اظہر نے مجلس احرار اسلام کے نام سے پنجاب میں ایک انجمن قائم کی.

مسلمانان ہند کو بتلایا گیا کہ یہ جماعت اس لئے بنی ہے کہ ریاستی مسلمانوں کو برطانوی ہند سے امداد پہونچائی جائے اس لئے مسلمان جوق در جوق اس جماعت میں شریک ہونا شروع ہوئے.

مجلس احرار کے زیر اہتمام ہندوستان کے تقریب ہر ضلع اور شہر سے مسلمانوں کے جتھے کشمیر جانا شروع ہوئے اور تقریب 40 ہزار افراد نے جیل خانہ کا خیر مقدم کیا حکومت ہند نے پرنس پروٹکشن ایکٹ (Princes Protection Act) ما تحت ہر جتھے کو اسی شہر میں گرفتار کرنا شروع کیا جس سے وہ روانہ ہونے والا تھا.

اس ایجی ٹیشن کے ذریعہ سے مجلس احرار کا مقصد واقعا ہرگز یہ نہ تھا کہ وہ مسلمانان کشمیر کی امداد یا حمایت کرے بلکہ یہ تھا کہ چندہ وصول کیا جائے اور سیدھے سادھے مسلمانوں کو بیوقوف بنا کر اپنے اثر اور اقتدار میں اضافہ کیا جائے اور اسی مقصد کے ما تحت گلنسی کمیشن کی سفارشات کو مان کر اس ایجی ٹیشن کو ختم کر دیا گیا ……… گلنسی کمیشن کی سفارشات سے مسلمانوں کو کچھ بھی فائدہ نہیں پہونچا کیونکہ ان کی مصیبتوں میں ذرہ برابر بھی کمی نہیں ہوئی. مسلمان بیچارے مزید احتجاج چاہتے تھے اور مسلم کانفرنس جو مسلمانان کشمیر کی نمایندہ جماعت تھی اس نے بھی سفارشات کو ٹھکرا دیا تھا مگر احرار نے میدان خالی کر کے مسلمانان کشمیر کو بے یار و مددگار چھوڑ دیا. مسلمانان برطانوی ہند بھی مسلم کانفرنس کے ہم آواز تھے مگر احراریوں نے (ریاست) الور میں ایجی ٹیشن شروع کر کے ان کی توجہ کو کشمیر سے ہٹا کر (ریاست) الور کی طرف مبذول کرا دیا.

گلنسی کمیشن کی سفارشات کے بعد گلگت کا علاقہ ریاست کے انتظام سے لے کر برطانوی حکومت کے زیر نگرانی کر دیا گیا جس کے معنی یہ ہوئے کہ ہندوستان کی وہ سرحد جہاں انگریزوں کا قبضہ نہیں تھا وہاں بھی برطانوی ملوکیت کا دیو آدم خوار پہونچ گیا. مجلس احرار کو بڑا دعویٰ اس امر کا ہے کہ وہ آزادی ہند کی خواہاں ہے مگر کشمیر ایجی ٹیشن کی ابتداء کر کے انہیں احراریوں نے ہندوستان میں انگریزی قبضہ و اقتدار میں اس طرح اضافہ کرا دیا کہ اب کشمیر کے راستہ سے روس کی افواج ہماری استخلاص وطن کی جد و جہد میں مدد کرنے نہیں آسکتیں.

کشمیر ایجی ٹیشن ختم ہوتے ہی الور ایجی ٹیشن شروع ہوا جس میں مسلمان برابر اپنی قربانیاں پیش کرتے رہے. مجلس احرار نے اس ایجی ٹیشن کو بھی آخر ذلت اور بربادی کی قربان گاہ پر نثار کیا اور مسٹر نیرنگ کی زیر سرکردگی 3 ہزار مسلمانان الور نے ریاست سے ہجرت کر دی جو اپنے مکان چھوڑنے کے بعد آگرہ، دہلی، انبالہ اور نہ معلوم کہاں کہاں مارے مارے پھرے اور آخر سب فقر و تنگدستی کے شکار ہو کر نیز کہیں جائے امن نہ پا کر برباد ہو گئے جن کا خون مجلس احرار کے سر پر ہے.

الور ایجی ٹیشن کا اختتام بھی ویسا ہی تباہ کن ہوا جیسا کہ کشمیر کا ہوا تھا، فائدہ محض برطانوی حکومت کو ہوا جس نے ہزہائنس مہاراجہ الور کو ریاست سے نکال کر ریاست کو اپنے اہتمام میں لے لیا اور وہ نیم آزاد علاقہ جو کل تک ایک ہندوستانی فرمانروا کے زیر حکومت تھا برطانوی ملوکیت کا غلام بن گیا جس کی ساری ذمہ داری مجلس احرار پر ہے.

الور کا ایجی ٹیشن جتم ہی ہوا تھا کہ مجلس احرار نے مسلمانوں کے سر ایک نئی بلا لا کر کھڑی کی اور پنجاب میں سنیوں اور احمدیوں میں ایک مستقل جنگ شروع کرا دی. گرداسپور کا علاقہ سنہ 1939 ء کا لکھنؤ بن گیا اور پنجاب کے ہر ہر شہر میں احمدی اور سنی دست و گریبان رہنے لگے.

احمدیوں اور احراریوں میں یہ سر پھٹول جاری ہی تھی کہ جون سنہ 1934 میں مسجد شہید گنج کا جھگڑا اٹھ کھراہوا اور سکھوں و مسلمانوں کے تعلقات خراب ہونا شروع ہو گئے. سال بھر تک مودمہ بازی اور جنگ کا سلسلہ قائم رہا اور بالآخرسنہ 1939 میں سکھوں نے مسجد شہید گنج کھود ڈالی.

مسلمانان پنجاب نے بار بار مجلس احرار کو اپنی مدد کے واسطے بلایا مگر وہ تو سکھوں سے چودھری فضل حق کو وزیر اعظم بنانے کا معاہدہ کئے ہوئے تھے لہذا انہوں نے یہی نہیں کہ خاموشی برتی بلکہ مسلمانوں کی ان تمام کوششوں کو جو وہ مسجد کی واگذاری کے واسطے کر رہے تھے مخالفت شروع کر دی، مسلمان لاہور نے پیر جماعت علی شاہ کو ڈکٹیٹر بنا کر استخلاص مسجد کی جد و جہد شروع کی بالآخر پیر صاحب کے حج کو چلے جانے کے بعد ختم ہوگئی، اسی دوران میں مولانا ظفر علی خان صاحب نے مجلس اتحاد ملت کی بنیاد ڈالی اور اس جماعت نے مسجد شہید گنج کی واگزاری کا مطالبہ شروع کیا. حکومت ہند نے مجلس اتحاد ملت کے خوش کرنے کے واسطے مسجد شاہ چراغ کو جس میں مجسٹریٹ کی عدالت تھی خالی کر دیا مگر اس پر پھر اتحاد ملت کے پر جوش کارکن راضی نہ ہوئے اور جنگ جاری رہی.

احراریوں نے مسجد شہید گنج کی واگذاری کی مخالفت کی اور جہاں جہاں بھی اتحاد ملت نے جلسہ کیا وہاں احرار نے جلسہ گاہ میں گڑبڑ کی اور آخر مسلمانوں میں خانہ جنگی شروع ہو گئی. اکثر جلسوں میں مسلمانوں میں لاٹھیاں چل گئیں اور احرار پنجاب میں اس قدر ………. قدر بد نام ہوئے کہ حبیب الرحمن اور عطاء اللہ شاہ وغیرہ پنجاب میں نہ رہ سکے بلکہ دہلی اور مغربی اودھ چلے آئے اور جب کبھی ان افراد میں سے کوئی پنجاب گیا تو غیور مسلمانان پنجاب نے ان کا انتہائی بری طرح سے خیر مقدم کیا اور اکثر مقامات پر یہ لوگ پیٹے بھی گئے.

مجلس احرار اب مکمل طریقہ پر غیر ہر دل عزیز ہو گئی تھی اس لئے اس کے لیڈران نے اودھ کا رخ کیا تا کہ یہاں کوئی نیا شاخسانہ پیدا کر کے اپنی گئی ہوئی عزت کو واپس لیں. ان کی خوش قسمتی کہ عین اسی وقت لکھنؤ میں مدح ثلاثہ کے حق کے حصول کا سوال چھڑا ہوا تھا. احراریوں نے عوام کے جذبات سے کھیلنے اور اس طرح اپنے کھوئے ہوئے وقار کو واپس کرنے کا اس سے عمدہ موقع نہ پا کر فورا مدح ثلاثہ ایجی ٹیشن جاری کر دیا.

لكھنؤ کے اہلسنت زعماء نے اس طریقہ کو ناپسند کرتے ہوئے حصول مقصد کے واسطے ایک آئینی کمیٹی بنائئ جس کے سکریٹری مولوی اسحاق علی عرف ظفر الملک صاحب بنائے گئے.

بہر حال ایجی ٹیشن ٹیلہ کی مسجد سے جاری ہوا اور دو دو چار چار کر کے احراری رضاکار ہر جمعہ کو جیل جانے لگے، دوسری طرف آئینی کمیٹی نے بھی جد و جہد شروع کر دی.

 

اخبارات کی کرشمہ سازیاں

 

اس زمانہ میں رسوائے عالم اخبار "النجم" زیر سرپرستی مولوی عبد الشکور صاحب محلہ پاٹا نالہ سے نکل رہا تھا، اس کی دل آزار اور شیعہ کش تحریریں دیکھ کر شیعہ اخبارات کو تاب نہ آئی اور انہوں نے بھی دفاع مذہب حق کے واسطے اپنے قلم کو گردش دی. بس پھر کیا تھا! اخبار بازی دونوں طرف سے پورے شباب پر ہو گئی اور مسلمانوں مین منافرت بڑھنا شروع ہو گئی.

ہفتہ وار النجم کو کافی نہ پا کر سنیوں نے "حرم" اور "نقاره" کے نام سے دو اخبار نکال دئے جن میں فحش طرازی اور گندہ دہنی کی مکمل نمائش ہونے لگی جس سے بیزار ہو کر شیعوں نے "ذو الفقار" نکالا جس نے ان دونوں اخبارات کا دندان شکن جواب دینا شروع کر دیا.

ادھر "ذو الفقار" کو "نقاره" اور "حرم" سے الجھا کر پھر "النجم" آزاد رہا جس کے پیدا کردہ زہریلے جراثیم کے دفع کرنے کیلئے شیعون کی طرف دے ہفتہ وار "الرجم" نکالا گیا اور یہ دونوں اخبارات ایک دوسرے مقابلہ میں محاذ جنگ قائم کر بیٹھے.

اسی اثناء میں ماہ محرم آگیا اور حکومت کے احکام کے مطابق ان تمام اخبارات سے ضمانتیں طلب کر لی گئیں اور نقارہ، حرم، النجم، ذو الفقار اور الرجم سب بند ہو گئے اور اس طرح اس فرقہ وارانہ اشتعال کا جو اخبارات کے ذریعہ سے پھیلا کرتا تھا سد باب ہو گیا.

 

لکھنؤ کی مذہبی فضا کا تکدر

 

لکھنؤ ہمیشہ سے اسلامی تمدن کا گہوارہ بنا رہا ہے اور با وجود ایک خاص شیعی حکومت ہونے کے یہاں ان رواداریوں کے گہرے نقوش اب بھی ظاہر ہوتے ہیں جو سنیوں اور ہندوؤں سے برتی جاتی تھی. شیعہ اور سنی بھائی بھائی کی طرح رہتے تھے اور آپس میں کسی قسم کی تفریق نطر نہیں آتی تھی. زبان، تمدن، طرز معاشرت، لباس غرض کہ ہر چیز میں مکمل یگانگت پائی جاتی تھی.

اگر خاندان غفرانمآب آب سے شیعی علوم کے چشمے پھوٹتے تھے تو فرنگی محل میں سنی فقہ اور دینیات کے موتی لٹتے تھے اور بادشاہان علم پرور دونوں کی یکساں سرپرستی فرماتے تھے.

مراسم عزاداری شیعوں اور سنیوں دونوں میں جاری تھے اور علم، تعزیہ، ضریح اور ذو الجناح، عشرہ اور چہلم کے دنوں میں عالیشان جلوسوں اور بڑے اژہام کے ساتھ اٹھتے تھے دونوں جانب سے پانی اور شربت کی سبیلیں رکھی جاتی تھیں مجالس می‌ تبرک نہایت فراخ دلی سے تقسیم ہوتا تھا اور دونوں فرقہ اپنے رسولؐ کے نواسہ کی یادگار دل میں کھول کر مناتے تھے.

سنہ 1906 کے نا گفتہ بہ واقعہ کے بعد بھی عزاداری پر کوئی اثر نہیں پڑا، زیادہ سے زیادہ جو کچھ ہوا وہ یہ کہ سنیوں کی کربلا علاحدہ ہو گئی اور شیعوں اور سنیوں کے تعزیہ اتھانے کا وقت حکومت کی طرف سے مقرر ہو گیا، سنیوں میں عزاداری حسب سابق جاری رہی.

سفر حجاز سے واپس آنے کے بعد مولوی عبد الشکور صاحب نے عزاداری کے خلاف خوب زہر اگلنا شروع کیا چنانچہ آپ نے دار المبلغین اور انجمن تحفظ ملت محض اسی لئے بنائیں کہ عزاداری کا مقابلہ کیا جا سکے اور ماہ محرم کی پہلی سے پندرہ تاریخوں میں احاطۂ شیخ شوکت علی میں مراسم عزا کے خلاف لکچر دینا شروع کئے. اول دو تین سال تک تو ان جلسوں کا کوئی خاص اثر نہیں ہوا مگر اس کے بعد رفتہ رفتہ سنیوں نے عزاداری ترک کرنا شروع کر دی.

"مدح صحابہ" کا فتنہ بھی (جیسا کہ آیندہ بابت کیا جائے گا) اسی لئے شروع کیا گیا کہ عزاداری کا خاتمہ کرایا جائے. (ملاحظہ ہو بیان ظفر الملک صاحب 6 جون سنہ 1938 ء) ۔

مولوی عبد الشکور صاحب کے جلسوں کا پھیلایا ہوا زہر مٹانے کیلئے شیعوں کی طرف سے مولانا فضل علی صاحب قبلہ واعظ نے جوابی تقاریر شروع کیں جن میں اہلسنت ہی کی کتب سے ان کے اعتراضات کے جواب دئے گئے.

محرم سنہ 1356 ھ مطابق سنہ 1937 ء میں مجلس تحفظ ملت کے ما تحت جلوس نکالے گئے جن میں "عزاداری مردہ باد" و "بت پرستی بند کرو" وغیرہ کے نعرے لگائے گئے جن سے شیعوں میں فطرتاً انتہائی جوش اور سنسنی پھیل گئی مگر 4 محرم ہی کو کوتوال شہر نے جلوسوں کے اٹھنے کی ممانعت کر دی.

 


مدح صحابہ یا حضرت علیؑ پر تبرہ

 

حامیان مدح صحابہ چاہے زبان سے جو کچھ بھی کہیں مگر دل کی گہرائیوں میں ہاں حقیقتیں ابھر ہی آتی ہیں. "مدح صحابہ" شیعوں کے واسطے تو یقیناً دل آزار تھی اور محض اس لئے دل آزار تھی کہ وہ جانتے تھے کہ لفظ "قدح صحابہ" کے دوسرے معنی "قدح علیؑ" ہیں مگر دنیا اس حقیقت سے غافل تھی کہ ایک مرتبہ شیعوں کے دفاعی اقدام یعنی "محاذ تبرہ" سے گھبرا کر سنی "مدح صحابہ" بھول گئے اور اخبار "رہنما" کے ذریعہ سے عوام کو کھلم کھلا حضرت علیؑ اور ان کی اولاد پر سب و شتم کرنے کیلئے آمادہ کیا جانے لگا.

اس مقصد کے حصول کیلئے ایک انجمن "درہ عمر" قائم کی گئی جس کے صدر نظر الملک صاحب تھے اور اس انجمن کے زیر اہتمام "قدح صحابہ" کا اصلی راز معلوم ہونا شروع ہوا یعنی اعلان کر دیا گیا کہ علیؑ اور اولاد علیؑ پر گالیوں کی بوچھار کی جائے گی چنانچہ ایک دن دو تین گرفتاریاں بھی اس سلسلہ میں ہوئیں.

17 ؍اپریل سنہ 1939 ء کو کنور جسبیر سنگھ صاحب ڈپٹی کمشنر نے ایک حکم امتناعی زیر دفعہ 144 جاری کیا جس میں یہ الفاظ موجود ہیں: "کوئی شخص دشنام آمیز یا ایسے الفاظ جن سے حضرت علیؑ یا ان کی اولاد کی تحقیر یا توہین یا ان کے قاتلان کی تعریف مقصود ہو کسی اسلامی جلوس کے ساتھ یا کسی اسلامی جلوس کی سماعت میں کسی مجمع یا شارع عام پر نہ پڑھے گا."

مجلس احرار اور تحفظ ناموس صحابہ جو شیعوں کے "تبرہ ایجی ٹیشن" کے پہلے ہی روز چراغ پا نطر آ رہی تھیں حضرت علیؑ اور ان کی اولاد پر دشنام طرازی کا نظارہ خوشی کے ساتھ کرتی رہیں اور جب شیعوں نے دنیا کو یہ بتلایا کہ ان کو "مدح صحابہ" منظور نہیں ورنہ حضرت علیؑ پر گالیاں ہرگز برداشت نہ کرتے تو انہوں نے شیخ شوکت علی کے احاطہ میں ایک جلسہ کر کے "خارجیوں" سے یہ مطالبہ کیا کہ وہ سلسلۂ دشنام طرازی بند کر دیں اور "خارجیوں" نے بھی ان کے مشورہ کو قبول کرتے ہوئے اس گندہ دہنی کو ختم کر دیا (ہم کو نہیں معلوم کہ "خارجیوں" نے حامیان "مدح صحابہ" کی رائے کیوں مانی جبکہ وہ ڈپٹی کمشنر کے حکم کی خلاف ورزی کر رہے تھے.)

 

اخبار "مدینہ" اور حق مدح صحابہ

 

مدینہ بجنور دیوبندی طبقہ کا آرگن اور شیعوں کا سب سے بڑا دشمن اخبار ہے، اس اخبار میں عزاداری اور اسی طرح دیگر خالص شیعی رسوم کے متعلق جو انتہائی فحش طرازی اور گندہ دہنی کا مظاہرہ کیا جاتا ہے وہ بھی ارباب نظر سے پوشیدہ نہیں. اپنی اشاعت مورخہ 17؍ جون سنہ 1939 ء کے مقالہ افتتاحیہ میں "مدح صحابہ" کی حمایت کرتے ہوئے یہ اخبار لکھتا ہے: "یہ صحیح ہے کہ مدح صحابہ کوئی مذہبی، اخلاقی، یا انسانی فریضہ نہیں ہے" لیکن اس وقت سوال "مدح صحابہ" کا نہیں ہے بلکہ ایک جائز شہری حق کی پابندی کے خلاف جنگ کرنے کا ہے جو ہر شریف خود دار اور با غیرت انسان کا فرض ہے. یہی وجہ ہے کہ لکھنؤ کے علاوہ اور مقامات پر "مدح صحابہ" کا جلوس نکالنے کی آج تک کوشش نہیں کی گئی اور اگر آج لکھنؤ سے بھی یہ پابندی یک قلم منسوخ کر دی جائے تو سارا جھگڑا ختم ہو جاتا ہے. اس کے بعد سنی بطور خود اس قسم کے جلوس رکوانے کی کوشش کریں گے بنا بر ایں وہ لوگ یا تو بے حد نادان ہیں یا جان بوجھ کر نادان بنتے ہیں جو "مدح صحابہ" کے مذہبی وجوب و عدم وجوب کی آڑ لے کر سنیوں جو اس حق سے دستبردار ہو جانے کا مشورہ دیتے ہیں.

اس بیان سے کم از کم 3 باتیں ضرور ظاہر ہوتی ہیں:

١۔ جلوس "مدح صحابہ" مذہبی، اخلاقی یا انسانی فریضہ نہیں ہے جو لوگ اس کو مذہب کا رنگ دینا چاہتے ہیں وہ ریا کار ہیں.

۲۔لائق مدیر مدینہ کے خیال میں محض شہری حق ہونے کی بنیاد پر "مدح صحابہ" کی اجازت ملنا چاہئے تو اس کے جواب میں یہ کہا جا سکتا ہے کہ دنیا میں بیمار شہری حقوق ہیں جو ایک دوسرے سے ٹکراتے ہیں لہذا ان میں کسی کی بھی اجازت نہیں دی جا سکتی.

۳۔  اگر ایک. طرف "مدح صحابہ" سنیوں کا شہری حق ہے تو دوسری طرف تبرہ شیعوں کا شہری حق ہے.

مگر چونکہ یہ حقوق ایک دوسرے سے متصادم ہیں اور ان سے نقص امن کا اندیشہ پایا جاتا ہے اس لئے دونوں میں سے ایک کی بھی اجازت ملنا قرین دانشمندی نہیں ہے.

 

مدح صحابہ اور ہندو

 

سن تو سہی جہاں میں ہے تیرا فسانہ کیا 

کہتی ہے تجھ کو خلق خدا غائبانہ کیا

اخبار "نیشنل ہیرالڈ" میں جو کانگریس گورمنٹ کا آرگن اور شیعوں کا انتہائی مخالف ہے حسب ذیل مراسلہ مسٹر آر. ڈی. سنہا آف بنارس کا شائع ہوا ہے جس کا ترجمہ ہم ذیل میں محض اس لئے درج کرتے ہیں کہ دنیا "مدح ثلاثہ" کے متعلق ہندوؤں کے جذبات سے بھی واقف ہو جائے.

لکھنؤ کے "تبرہ" اور "مدح صحابہ" کا قضیہ جس نے اس صوبہ کی پوری مسلم جماعت کو پریشان کر رکھا ہے اس لائق ہے کہ اسے خالص ہندو نقطۂ نظر سے جانچا جائے. حال ہی میں سنیوں کا جو یہ حق تسلیم کیا گیا ہے کہ وہ سڑکوں پر "مدح صحابہ" کے گیت گاتے پھریں یہ ہندوؤں کے نزدیک بھی اتنی ہی جدت ہے جتنی کہ شیعوں کے نزدیک، "مدح صحابہ" کے حق کے حصول کے سلسلہ میں جو مظاہرہ ہوتے رہے ہیں اور جن کا اب تک ہندوؤں کا سکون بھی باقی نہیں رہ سکتا اور ان کیلئے بھی آیندہ چل کر ناراضی کے سامان پیدا ہو جائیں گے اس لئے ضروری ہے کہ ہندوؤں کو اپنے لیڈروں کی توجہ کو اس اہم مسئلہ کی طرف مبذول کرانا چاہئے. نہ صرف لیڈروں کی توجہ بلکہ حکومت کی توجہ بھی اس مسئلہ کی نزاکتوں کی طرف منعطف کرانے کی ضرورت ہے.

عام طور پر ہر شخص کو علم ہے کہ رسول اسلام اپنی حیات میں تمام جزیرہ نمائے عرب کی بھی تسخیر نہ کر سکے تھے. یہ تمام فتوحات خلفاء کے عہد میں خصوصا خلیفۂ اول و ثانی (جن کی مدح کَ حق سنی طلب کر رہے ہیں) کے زمانہ میں ہوئی ہیں اور اسی دور میں مسلمانوں نے فاتح عالم بننے کے خواب دیکھے اور مصر و شام اور ایران و روم انہیں کے زمانہ میں فتح ہوئے. سن خلفاء کے جانشین نہ صرف شمالی افریقہ اور انڈو ایشیا ہی کی حکومتوں پر قابض ہوئے بلکہ مغرب میں بحر رسم کے جزیرہ بھی انہوں نے فتح کر لئے. ان کی ترک تا یوں کے حدود اس سے آگے بڑھ کر سندھ، ملتان اور بلوچستان تک پہونچے. اسی زمانہ میں مسلمانوں میں "پان اسلامزم" کی بنیاد قائم ہوئی کہ آج تک اس کا تخئیل باقی ہے اور جس کے خلاف ہر ہندو سیاستدان آواز بلند کر رہا ہے.

یہ خلیفہ عمر ہی تھے جنہوں نے غیر مسلموں پر اول اول جزیہ قائم کیس اور تلوار کی نوک سے اس کو بجبر وصول کیا. انہوں نے تمام بت پرستوں کو رضا و رغبت سے نہیں بلکہ زبردستی مسلمان بنا لینا چاہا. ایران و عراق و روم کے خوبصورت اور عالیشان بتکدو‍ اور گرجاؤں کو تباہ کیا اور اسی طرح کوہ ہندوکش کے پار آریہ تہذیب کو مسخ کرنے کی کوشش کی.

یہ واقعات راز درون پردہ نہیں ہیں بلکہ تاریخ کے ٹھوس واقعات ہیں جن کو ہر مورخ جانتا ہے. اگر ان واقعات کو پبلک مقام پر مدح کے طور پر گایا گیا اور اس کے ذریعہ سے عوام کو بھی ایسے ہی کام کرنے کی ترغیب دی گئی تو یہ مدح کسی طرح برداشت نہیں کی جاسکتی اور اس ہندوؤں کے مذہبی و قومی جذبات مجروح ہوئے بغیر نہیں رہ سکتے.

حسب ذیل اشعار سے اس "مدح صحابہ" کا اندازہ ہو سکتا ہے جس کے متعلق سنیوں کا اصرار ہے کہ انہیں شارع عام اور پنلک مقامات پر پڑھنے کی اجازت دی جائے.

عزم فاروقی جو پیدا ہو مسلمانوں میں                     

زلزلہ کیوں نہ پڑے کفر کے ایوانوں میں

ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ

ہے کفر بھی اب بندہ اسلام کے پرچم کا           

ایراں میں علم آیا فاروق معظم کا

ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ

برہمن دم بخود ناقوس ساکت بتکدہ ویراں      

          زمانہ بھر پہ چھایا ہے جلال فتح فاروقی

ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ

برہمن ہے عوض زنار کے سبحہ لئے پھرتا        

جہاں کفر میں یہ ہے مآل فتح فاروقی

اگر اس قسم کے جلوسوں اور مظاہروں کو ایک مرتبہ بھی برداشت کر لیس گیا اور لکھنؤ میں ان کی اجازت دیدی گئی تو اس اثر صرف لکھنؤ ہی تک محدود نہیں رہے گا بلکہ صوبہ کے ہر ہر گوشہ میں اس کا اثر پڑے گا اور برابر حادثات رونما ہوتے رہیں گے. ہندوؤں کو سمجھنا چاہئے کہ "مدح صحابہ" ان کیلئے بھی فتنہ سامانی کا کتنا مواد اپنے دامن میں لئے ہوئے ہے. اگر اسلام کے ان دو فرقوں کے درمیان رواداری اور مصالحت کے ذریعہ سے "مدح صحابہ" کے نکلنے بھی لگے تو اس سے ہندوؤں کی دل آزاری کے ہمیشہ اسباب پیدا ہوتے رہیں گے.

اس صوبہ کی حکومت بقر عید اور محرم کے جلوسوں ہی کا خاطر خواہ انتظام کرنے میں ناکام رہتی ہے ایسی حالت میں اگر جدید جلوسوں کی اجازت دی گئی تو اس کی ذمہ داریوں میں اضافہ ہو جائےگا اور اس کیلئے ان بڑھی ہوئی ذمہ داریوں سے عہدہ برآہونا ناممکن ہے.

شیعوں کے نظریہ اور تبرہ ایجی ٹیشن سے قطع نظر کرنے کے بعد بھی فرض بالکل عیاں ہے جو اس سلسلہ میں ہندوؤں پر عائد ہوتا ہے ان کے مفاد کا تقاضا یہ ہے کہ وہ گورمنٹ کو اس کی ترغیب دیں كہ وہ "مدح صحابہ" پر پھر وہی پابندیاں عائد کر دے جو ابھی حال میں (30 مارچ)  اٹھالی گئی ہیں.  (نیشنل ہیرلڈ)

 

 

مدح صحابہ کی یو. پی کونسل میں گونج

 

10 نومبر سنہ 1936 ء کو 10 بجے یو. پی کونسل کا اجلاس حسب معمول زہر صدارت سر سیتا رام ایم. ایل. ایل. سی منعقد ہوا. پہلے 40 کے قریب سوالات کئے گئے اور اس کے بعد آنریبل نواب زادہ لیاقت علی خان نے حکومت وقت کی "مدح صحابہ" کے سلسلہ میں جو پالیسی تھی اس پر بحث کرنے کیلئے تحریک التواء پیش کی جو ہندو ممبران کی خاموشی اور جانبداری کی وجہ سے منظور ہو گئی اور صدر نے 2:30 بجے کا وقت تحریک پر بحث کرنے کیلئے مقرر کیا.

وقت مقررہ پر نواب زادہ لیاقت علی خان صاحب تقریر کرنے کھڑے ہوئے جس کے دوران میں آپ نے بتلایا کہ آپ کا ارادہ ہرگز یہ نہیں ہے کہ شیعوں اور سنیوں میں اختلاف کی خلیج وسیع کریں بلکہ آپ اس کو دفع کرنا چاہتے ہیں. "مدح صحابہ" سنیوں کا حق ہے اور ہر مذہب کے پیرو اپنے پیشوا کی تعریف کرنے کا حق رکھتے ہیں. آپ نے مسٹر ریڈس ڈپٹی کمشنر لکھنؤ کا وہ حکم (سنہ 1909 ء) پرھ کر سنایا جس میں یہ اعلان کیا گیا تھا کہ "مدح صحابہ" محض عشرہ، چہلم اور 21 آہ رمضان کیلئے منع ہے اور بقیہ دنوں میں سنی پولیس ایکٹ کی دفعات کے ما تحت "مدح صحابہ" کا جلوس اٹھا سکتے ہیں. آپ نے افسران ضلع کے رویہ پر احتجاج کرتے ہوئے دفعہ 144 کےنفاذ کو خلاف قانون ٹھہرایا.

آپ کے بعد حاجی نثار اللہ صاحب ایم. ایل. سی نے تقریر کی جس میں بتلایا گیا کہ اگر ہم ودح کریں تو ضرور ہم پرپابندیاں ہونا چاہئیں مگر اب جبکہ ہم محض مدح کرتے ہیں تو پابندی یقینی غلط ہے جس طرح ہندوؤں کو سری کرشن جی کا جلوس اٹھانے کا حق ہے اسی طرح سنیوں کو خلفا کی تعریف کا حق ہے.

خان بہادر مولوی فصیح الدین ایم. ایل. سی نے اپنی تقریر میں حکومت کی موجودہ پالیسی کو انتہائی مذموم ٹھہراتے ہوئے یہ بتلایا کہ "مدح صحابہ" روکنے سے شیعہ سنی اتحاد میں رخنہ پڑے گا.

سید علی ظہیر صاحب ایم. ایل. سی سب کے بعد تقریر کرنے کھڑے ہوئے. آپ نے بتلایا کہ میں لکھنؤ کا نمایندہ ہوں اس لئے خاموش نہیں رہ سکتا. میرے ¾ ووٹر سنی ہیں اور ¼ ووٹر شیعہ ہیں. میں نے لاکھ کوشش کی کہ کسی طرح یہ مسئلہ طے ہو جائے مگر بد قسمتی سے فریقین میں مصالحت بالکل نہ ہو سکی. نواب زاده لیاقت علی خان صاھب اگر "مدح صحابہ" کے واسطے ایسے بے چین ہیں تو وہ میرے گھر پر آکر "مدح صحابہ" پڑھ سکتے ہیں مگر یہ معاملہ جاہل عوام کا ہے جن کو سمجھانا انتہائی مشکل ہے اور حکومت مجبور ہے کہ ان کے جذبات کا بھی خیال رکھے. نوب لیاقت علی خان نے فرمایا ہے کہ ہر مذہب کو مکمل آزادی محال ہے حکومت پر فرقہ کو زیادہ سے زیادہ آسانیاں پہنچائے گی مگر ان آسانیوں کے بہم کرنے کیلئے یہ ضروری ہے کہ جدتیں اور اختراعات روک دئے جائیں اور قدیم عمل در آمد باقی رہے.

آپ نے اپنی تائید میں ردولی کا واقعہ پیش کیا. جہاں علم کے ساتھ محض "حسنؑ حسینؑ" کہہ سکتے ہیں اور "حیدرؑ" نہیں کہہ سکتے یا آگرہ میں ذو الجناح کا جلوس محض اسی لئے روک دیا گیا کہ وہ نیا تھا. آپ نے مثالوں سے بابت کر دیا کہ جدت اور اختراع کو روکنا حکومت کا فرض ہے.

آپ کے بعد کنور سر مہاراج سنگھ ہوم ممبر یو. پی گورنمنٹ جملہ اعتراضات کا جواب دینے کھڑے ہوئے. آپ نے پہلے تو اس امر پر اظہار خوشی فرمایا کہ ایسے ما بہ النزاع مسئلہ پر انتہائی سکون کے ساتھ بحث ہوئی اور کوئی ناخوشگوار بات پیدا نہیں ہوئی اس کے بعد آپ نے فرمایا کہ حکومت سنیوں کا معاملہ طے کرنے کے واسطے بے چین ہے مگر انہوں نے آج تک حکومت کے پاس وفد نہیں بھیجا جو ان کے نقطۂ نظر کو پیش کرتا ہے بلکہ انہوں نے یکبارگی سول نافرمانی شروع کر دی جس پر ان کا گرفتار کیا جانا انتہائی ضروری تھا. آپ نے سنیوں اور شیعوں دونوں سے ذرا وسعت قلب دکھانے کی اپیل کی اور فرمایا کہ سنیوں کا فرض ہے کہ شیعوں سے ایسی رواداری برتیں کہ ان کی کسی قسم کی مذہبی توہین یا دل آزاری نہ ہو اور شیعہ اتنی فراخ دلی کا اظہار کریں کہ سنیوں کو ان کے مطالبہ کا کچھ حصہ مل سکے. اس ایوان کے ممبران کا یہ فریضہ ہے کہ وہ شیعوں ور سنیوں میں باہم رواداری اور خوش اعتمادی پیدا کرائیں. مسٹر ریڈس کے حکم کے متعلق آپ نے بتلایا کہ یہ حکم ڈپٹی کمشنر موصوف کی غلط فہمی پر مبنی تھا اس لئے بعد میں واپس لے لیا گیا تھا.

حافظ محمد ابراہیم صاحب (جو آج کانگریسی وزارت کے اہم رکن اور انصاف و آشتی کے خدا بنے نظر آرہے ہیں.) نے ایک زبردست تقریر میں اس امر کا اعلان کیا کہ اس وقت حکومت "لڑو اور حکومت کرو" کی پالیسی پر عامل ہے اور ہمیشہ حکومت کی اس پالیسی کی وجہ سے فرقہ وارانہ فسادات ہوتے رہے ہیں. حکومت کو "مدح صحابہ" کے معاملہ میں بولنے کا کوئی حق نہیں ہے اس لئے کہ یہ سنیوں کا جائز شہری حق ہے.

نواب زادہ لیاقت علی خان صاحب نے اپنی جوابی تقریر میں حکومت پر سخت حملے کئے اور فرمایا کہ اگر حکومت "مدح صحابہ" محض شیعوں کی دل آزاری کی خاطر روکتی ہے تو اس کو سنیوں جو زیر دفعہ 188 سزا نہ دینا چاہئے تھی بلکہ زیر دفعہ 198 سزا دینا تھی. حکومت کی سب سے بڑی غلطی ہے کہ وہ یہ اظہار کرے کہ وہ شیعہ سنی معاملہ اسی وقت طے کرے گی جب سنی اس سے معاملہ کی طے کرنے کی درخواست کریں جیسا کہ ہوم ممبر نے کہا ہے کہ چونکہ سنیوں نے باقاعدہ کسی وفد وغیره کے ذریعہ سے حکومت سے کوئی درخواست نہیں کی ہے لہذا وہ فیصلہ کرنے کیلئے تیار نہیں ہے.

ہوم ممبر مسٹر مہاراج سنگھ نے اپنی دوسری جوابی تقریر میں فرمایا کہ حکام ضلع کے متعلق جو کچھ کہا گیا ہے اس کو میں سخت قابل نفرت اور ناپسند خیال کرتا ہوں. وہ حکومت بالا کے احکام کے مطابق کام کر رہے ہیں لہذا اعتراض حکومت پر ہونا چاہئے نہ کہ ان پر.

تحریک التواء سنی ممبران کی تائید اور ہندو ممبران کی غیر جانبداری سے پاس ہو گئی.

 

اہلسنت کا وفد گورنر صوبہ کی خدمت میں

 

كونسل میں ہوم ممبر کی امید افزا تقریر سے متاثر ہو کر اہلسنت کی آئینی کمیٹی نے یہ طے کیا کہ وہ گورنر صوبہ یو. پی کی خدمت میں ایک وفد لے جائے اور ان کے سامنے سنیوں کا مکمل نقطۂ نظر پیش کرے چنانچہ 14 نومبر سنہ 1936 ء کو معززین اہلسنت کا ایک وفد مسٹر غلام حسن بٹ کی قیادت میں گورنر صاحب سے ملا. مسٹر بٹ نے ایک میموریل بھی گورنر کی خدمت میں پیش کیا جس میں "مدح صحابہ" کی اہمیت اور اس کی حقیت کے ثبوت بیان کئے گئے تھے.

ہزاکسلنسی گورنر صوبہ نے ممبران وفد سے استدعا کی کہ وہ شہر کے حالات کو رو باصلاح بنائیں اور حکومت کو امن قائم کرنے میں مدد دیں. آپ نے فرمایا کہ حکومت خود اس مسئلہ کے طے کرنے کیلئے بے چین ہے مگر غیر آئینی طریق کار کے ہوتے ہوئے وہ کچھ نہیں کر سکتی اس لئے اگر اہلسنت ایجی ٹیشن کو ملتوی کر دیں تو حکومت دوبارہ ایک غیر جانبدار کمیشن مقرر کر دے گی جو اس قضیہ کے متعلق حکومت کو مشورہ دے گا اور حکومت اسی مشورہ کے مطابق اپنا حکم صادر کر دے گی.

وفد نے واپس آکر شام ہی کو احاطۂ شیخ شوکت علی صاحب میں ایک جلسۂ عام زیر صدارت احمد حسین صاحب رضوی منعقد کیا جس میں وفد کے معروضات اور گورنر کے جواب کے متعلق غور کیا گیا. اس کے بعد ممبران آئینی کمیٹی کی جد و جہد سے احراری بھی التواء پر راضی ہو گئے اور یہ طے کر لیا گیا کہ چند شرائط کے ما تحت یہ ایجی ٹیشن ملتوی کر دیا جائے گا.

 

شیعوں کا وفد ہز اکسلنسی گورنر یو. پی. کی خدمت میں

 

"مدح صحابہ" کے سلسلہ میں صحیح حالات و واقعات اور شیعوں کے جذبات کی ترجمانی کرنے کے واسطے 19 نومبر سنہ 1936 ء کو ہز اکسلنسی گورنر یو. پی کی خدمت میں حسب ذیل حضرات کا ایک محترم وفد گورمنٹ ہاؤس میں پیش ہوا:

١. سرکار ناصر الملت مد ظلہ    

٢. سرکار نجم الملت مد ظلہ

٣. شمس العلماء مولانا ابن حسن قبلہ

٤. عمدۃ العلماء مولانا کلب حسین صاحب قبلہ

٥. خان بہادر نواب مہدی حسن صاحب

٦. شفاء الملک حکیم فضل علی عرف میرن صاحب

٧. خان بہادر محمد یوسف صاحب کاظمی

٨. پرنس باقر مرزا صاحب

٩. پرنس حیدر مرزا صاحب

١٠. پرنس ممتاز قدر صفدر علی مرزا صاحب

١١. مرزا بہادر محمد جعفر صاحب

١٢. مرزا عابد حسین صاحب وکیل میونسپل کمشنر

١٣. غلام حسنین صاحب وکیل

١٤. سید بشیر احمد صاحب وکیل

١٥. حبیب علی خان صاحب وکیل

١٦. قیصر حسین صاحب وکیل

١٧. نواب رضا علی خان صاحب وکیل

١٨. محمد رفیع صاحب وکیل

11:30 بجے دن کو وفد نے باریابی حاصل کی اور جناب غلام حسنین صاحب نے میموریل انگریزی میں پڑھ کر سنایا جس کے اقتباسات حسب ذیل ہیں:

سب سے پہلے میموریل میں اس امر پر اظہار تشکر کیا کہ گورنر صاحب نے اس کو باریاب ہو کر شیعی نقطۂ نگاہ کو واضح کرنے کا موقع دیا اس کے بعد اس امر پر روشنی ڈالی کہ:

١. اہلسنت کو "مدح صحابہ" شاہراہ عام پر پڑھنے پر اصرار کیوں ہے.

٢. اہل تشیع کو "مدح صحابہ" جاری ہونے سے اختلاف کیوں ہے.

پہلے امر کے متعلق میموریل میں ظاہر کیا گیا ہے کہ یہ اصرار محض شیعوں کی دل آزاری، مذہبی احساسات کو مجروح کرنے، شیعوں پر مذہبی تفوق و اقتدار قائم کرنے اور انتقام لینے کی غرض سے ہے، نہ کہ مذہبی فریضہ کی حیثیت سے. اس کے ثبوت میں سرکاری و غیر سرکاری حوالہ جات پیش کئے گئے.

میموریل میں یہ بھی ظاہر کیا گیا ہے کہ جو جھگڑا شہر میں اٹھایا گیا تھا وہ پہلا جھگڑا نہ تھا بلکہ اس قبل بھی شیعوں کے خلاف اکثر اوقات اہلسنت (دیوبندی) کی جانب سے محاذ جنگ قائم کیا گیا.

چنانچہ منجملہ ان حملوں کے سنہ 1907ء سے 20 سال قبل )غالباً سنہ 1887ء(لکھنؤ اور دیگر اضلاع میں "خلیفتہ بلا فصل" کا جھگڑا اٹھا کر سخت فتنہ و فساد اور خونریزی کی گئی تھی مگر اس معاملہ میں بھی حکام نے شیعوں کی حقیت تسلیم کر لی تھی. اسی بنا پر وہ جملہ آج تک شیعوں کی اذان میں موجود ہے. اس بارہ میں بھی عدالتی فیصلوں کے حوالے پیش کئے گئے ہیں.

 اس کے بعد میموریل میں دوسرے سوال (شیعہ "مدح صحابہ" کے مخالف کیوں ہیں.) کو طے کرتے ہوئے بیان کیا گیا ہے کہ عام نظروں میں خلاف انصاف معلوم ہوتا ہے کہ کسی مذہب کے پیشوا کی تعریف پر دوسرے مذہب والے معترض ہوں اور صرف اس بنا پر کہ دونوں عقائد مختلف ہیں لیکن در اصل شیعہ محض اختلاف عقائد کی بنا پر مخالف نہیں ہیں اور نہ شیعہ ایسے غیر مہذب و غیر متمدن ہیں ورنہ وہ غیر مذاہب کے پیشواؤں کی مدح بھی نہ سن سکتے حالانکہ ہندوؤں، سکھوں اور عیسائیوں سے وہ بالکل مزاحم نہیں ہوتے صرف اس وجہ سے کہ وہ جانتے ہیں کہ غیر مذاہب کے جلوسوں کی غرض ہماری دل آزاری نہیں ہے اور نہ ان جلوسوں میں ایسے اشخاص کی تعریف ہوتی ہے جن سے ہم کو مذہبی صدمات پہونچے ہوں اور "مدح صحابہ" کے جلوس کی غرض اول تو ہماری دل آزاری ہے. دوسرے جن لوگوں کی مدح کی جاتی ہے ان سے اختلاف مذہبی کے علاوہ شیعوں کو خاص رنج ہے ان کے کارناموں سے شیعوں کے ولب پر گہرے زخم ہیں جو آج تک نہ مندمل ہوئے ہیں، نہ ہو سکتے ہیں جب تک کہ ہم شیعہ ہیں.

اس کے بعد میموریل میں ان مظالم کی ایک مختصر فہرست پیش کی گئی ہے جو اہلبیتؑ پر کئے گئے ہیں اس کے بعد یہ طاہر کیا گیا ہے کہ جن شیعوں کے خلفائے ثلاثہ کے متعلق یہ خیالات ہوں وہ ہرگز بھی ان کی مدح برداشت نہیں کر سکتے اور یہی وجہ تھی کہ جب سنہ 1907 ء میں "مدح ثلاثہ" شروع ہوئی تو سخت بلوے اور خونریزیاں ہوئیں اور شیعوں نے سخت سے سخت سزائیں برداشت کرنے کے بعد بھی "مدح ثلاثہ" سننا برداشت نہیں کی. شیعوں کو "مدح صحابہ" سننے کیلئے تیار کرنا ایسا ہی ہے جیسے ہندوؤں کو راون اور عیسائیوں کو مسیح ؑکے ظاہری قانون کی تعریف سننے کیلئے مجبور کرنا. ان ہی حالات کو دیکھتے ہوئے اس زمانہ میں حکومت نے ایک تحقیقاتی کمیشن مقرر کیا تھا جس میں علاوہ شیعوں کے معزز انگریزوں مثل مسٹر سارنڈرس اور مسٹر اعطس مینویل اور اہل ہنود میں آنریبل جسٹس گوکرن ناتھ مصرا، پنڈت اقبال نرائن بیرسٹر ایٹ لا، مسٹر شیام نرائن (جو مسلسل 24 سال میونسپل کمشنر رہ چکے تھے) گواہیاں پیش کی تھیں جن سے یہ امر بخوبی ثابت ہو گیا تھا کہ "مدح صحابہ" ایک جدید چیز ہے اور یہ محض شیعوں کی دل آزاری کیلئے اختیار کی گئی ہے اسی وجہ سے سر جان ہیوٹ لفٹنٹ گورنر یو. پی نے اس کو ممنوع قرار دیا اور اسی حکم پر 27 سال سے بلا اختلال عمل ہوتا رہا لہذا اب اس کے منسوخ یا ترمیم ہونے کی کوئی وجہ نہیں معلوم ہوتی کیونکہ نہ تو اس دوران میں شیعوں کے جذبات بدلے ہیں نہ ان کی تعداد میں کمی ہوئی ہے بلکہ اب تو سن کی آبادی وسیع اور نوجوانوں کا جوش پہلے سے زیادہ ہو کا ہے.

میموریل میں اس امر کا بھی حوالہ دیا گیا ہے کہ سر جان ہیوٹ کے بعد جب مسٹن صاحب گورنر ہو کر آئے تو اہلسنت کی جانب سے احکام کے منسوخ ہونے کی استدعا کی گئی لیکن موصوف نے یہ استدعا منظور نہیں کی اور ایک موقع پر ممدوح نے سنیوں کے ایڈریس کے جواب میں یہ فرمایا تھا:

"میں معاملۂ مذکوره میں کسی تغیر کی حاجت نہیں سمجھتا، میں نے تمام احکام پر نہایت احتیاط سے غور کیا، ہدایات نہایت درجہ پر احتیاط و مکمل ہیں اور ان میں مختلف جماعتوں کے احساسات کا لحاظ رکھا گیا ہے. اس پر میں اظہار تحسین و آفرین کرتا ہوں …………. مجھ کو حسن و اتفاق سے یہ موقع حاصل ہوا ہے کہ میں اس مصمم قصد کا اعلان کر دوں کہ جو انتظامات سر جان ہیوٹ نے مکمل کر دئے ہیں ان کی کلیۃً پابندی کی جائے گی اور میں ڈپٹی کمشنر صاحب سے خواہش کرتا ہوں کہ وہ ان ہدایات کی خلاف ورزی جایز نہ رکھیں."

میموریل میں اس خیال کی پر زور تردید کی گئی ہے کہ شیعہ لکھنؤ میں ایک غیر محسوس اقلیت میں ہیں اور وہ اپنے مراسم کے بجا لانے میں اہلسنت کے رحم و کرم کے محتاج ہیں نیز یہ بھی ظاہر کیا گیا ہے کہ اگر یہ احکام منسوخ ہوئے تو ہر شیعہ کے دل میں یہ خیال پیدا ہونا لازمی ہے کہ آخر شیعوں سے وہ کیا قصور ہوا جس کی بنا پر وہ ان دل آزاریوں کے واسطے چھوڑ دئے گئے جن دل آزاریوں نے ان کو سنہ 1907 ء سے آج تک اپنے منصفانہ احکام کے ذریعہ سے بچایا تھا.

میموریل میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ ان احکام میں تعمیر و ترمیم کا نتیجہ بھی ہو گا کہ احراریوں کی ہمت بڑھ جائے گی اور وہ ہر مطالبہ کے واسطے خواہ وہ کتنا ہی غیر معقول ہو اپنی کاروائیاں کرنے پر آمادہ ہو جائیں گے. نیز اس سے شیعوں میں بھی یہ خیال پیدا ہونا ضروری ہے کہ اگر ہم اپنے لیڈروں اور مقامی حکام کے روکنے کے سبب سے احراریوں کے مقابلہ میں جوابی کاروائی سے احتراز نہ کرتے تو یہ احکام منسوخ یا ترمیم نہ ہوتے.

 

گورنر کا جواب

 

میں خوش ہوں کہ مجھ کو شیعہ قوم کے اس نمایندہ وفد سے ملنے کا موقع مل سکا اور آپ کے خیالات سے جو "مدح صحابہ" کے شاہراہ عام پر پڑھنے کے متعلق ہیں واقف ہو سکا. آپ نے اس مسئلہ کو اپنے نقطۂ نطر سے نہایت قابلیت اور وضاحت سے پیش کیا ہے اور اب میں محسوس کرتا ہوں کہ اس مسئلہ پر فریقین کے اعتراضات میرے سامنے ہیں اور ان جذبات کا بھی احساس کر رہا ہوں جو اس مسئلہ کے متعلق شیعوں اور سنیوں کو ہیں.

جب میں نے گزشتہ ماہ میں سنیوں کے وفد کو باریابی جا موقع دیا تو میں نے یہ امید طاہر کی کہ قنمباحث پر جو اس مسئلہ پر آیندہ چل کر ہوں اشتعال انگیز اور ہیجان پیدا کرنے والے لہجہ سے احتراز کیا جائے اور مسلم جماعت کے مجموعی مفاد کو خالص فرقہ وارانہ مفاد پر قربان نہ کیا جائے. آپ کے سامنے بھی میں ان ہی خیالات کو اسی قوت کے ساتھ پیش کرنا چاہتا ہوں. آپ کی عرض داشت کی تفصيلات مِیں مَیں آپ کی تائید نہیں کرنا چاہتا کیونکہ میں کسی اختلافی معاملہ پر اظہار خیال کرنا نہیں پسند کرتا ہوں. ابھی حکومت کے قطعی فیصلہ کا وقت نہیں آیا ہے. میں صرف اتنا کہنا چاہتا ہوں کہ میں اس اہم حیثیت سے جو شیعوں کو لکھنؤ میں حاصل تھی اور اب تک حاصل رہی ہے پوری طرح واقف ہوں اور میں آپ کے وفد کی نمایندہ حیثیت اور اس کے بعض ممبران کے اثرات سے بھی واقف ہوں جو اپنے تقدس و 3لم کی وجہ سے تمام شیعی دنیا میں ممتاز ہیں اور آپ کی جماعت میں بڑا مذہبی اثر و نفوذ رکھتے ہیں.

جب مسلمانوں کی دونوں جماعتوں میں اس حیثیت کے افراد ہوں جنہوں نے ان دونوں وفود میں شرکت کی اور اپنے خیالات میرے سامنے پیش کئے تو میں اس کے سوا اور کوئی امید نہیں کر سکتا کہ اب بھی آپس کے سمجھوتہ سے صلح ممکن ہے. میرے نزدیک اس ناگوار قضیہ کے طے کرنے کا بہترین حل یہ ہے کہ فریقین میں سے کوئی انتہا پسندی سے کام نہ لے اور یہی میں نے سنیوں سے بھی کہا ہے. سمجھوتہ کے امکان میں اس کے علاوہ کوئی دوسری چیز مفید نہیں ہو سکتی کہ اس مسئلہ میں فتح و شکست کا خیال بالکل ہی دل سے نکال دیا جائے اور ممکن سمجھوتہ محض معاملہ کی نوعیت اور حقیقت کی بنا پر کیا جائے. فریقین کے جائز مذہبی جذبات کا خیال رکھا جائے اور اس خیال کو بھی پاس نہ آنے دیا جائے کہ اس معاملہ میں عزت و وقار یا فتح و شکست کا سوال پیش ہو سکتا ہے. اب جب کہ میرے پاس آپ کا اور سنیوں دونوں کا نقطۂ نظر موجود ہے تو سمجھوتہ کے امکانات پر توجہ سے غور کیا جا سکے گا.

اگر بد نصیبی سے آپس کے سمجھوتہ سے کوئی صلح ممکن نہ سکی تو جیسا کہ میں نے سنی وفد کو اطلاع دی ہے کہ میں ایک چھوٹی سی غیر جانبدار کمیٹی ان ہدایات کے ساتھ بنا دوں گا کہ وہ معاملہ کی تاریخ پر تبصرہ کرے. فریقین کے تمام جائز مطالبات پر غور کرے اور ……………. گورمنٹ کے سامنے اپنی سفارشات پیشکرے تا کہ ایک صحیح اور مدلل فیصلہ ہو سکے. اس اثنا مِیں مَیں سنیوں اور شیعوں کے رہبروں سے اپیل کرتا ہوں جو ایک ہی مذہب کے پیرو اور جن کا نصب العین اور روایات ایک ہیں کہ دونوں جماعتوں میں باہمی اعتماد اور امن قائم کرنے کی انتہائی سعی اور جد و جہد کریں.

ہز اکسلنسی گورنر یو. پی کی تقریر کے بعد ممدوح نے ہر ایک ممبر وفد سے فردا فردا ہاتھ ملایا اور اراکین وفد گورنمنٹ ہاؤس سے رخصت ہوئے.

 

ایجی ٹیشن کا التوا

 

ہز اکسلنسی گورنر یو. پی کے مشورہ کے مطابق اہلسنت اس امر پر تیار ہو گئے کہ ایجی ٹیشن ملتوی کر دیا جائے چنانچہ ایجی ٹیشن اس شرط پر کہ احکام عاشور و احکام چہلم میں دفعہ 13 جس میں خلفائے ثلاثہ کی مدح پڑھنا ممدوح قرار دی گئی ہے حذف کر دی جائے اور اس کے بدلے میں اہلسنت نے یہ معاہدہ لکھ کر دیا کہ وہ مذکورہ بالا ایام میں ہرگز مدح ثلاثہ نہیں پڑھیں گے، سنیوں کے وعدہ کے بعد احکام میں سے یہ دفع خارج کر دی گئی اور ایجی ٹیشن التوا کر دیا گیا.

 

شیعہ سنی فساد

 

اسی سال 9 ربیع الاول کو شیعوں اور سنیوں میں ایک ہولناک فساد ہو گیا جس کی ابتداء محلہ چوپٹیاں سے ہوئی. وجہ یہ تھی کہ محلہ چوپٹیاں میں "انجمن پنجتنی" کی جانب سے سالانہ محفل ہوا کرتی تھی جس میں تبرہ بھی ہوا کرتا تھا. اس سال دلوں میں کدورت اور باہمی آویزشوں میں اضافہ تھا اس لئے محفل کے شروع ہوتے ہی سنیوں کے ایک منظم مجمع نے مسجد پر (جہاں محفل ہو رہی تھی) حملہ کر دیا اور باقاعدہ جنگ کا آغاز ہو گیا جس میں بہت سے آدمی مجروح ہوئے. یہ جنگ تقریباً ایک ہفتہ تک جاری رہی مگر حکام کی حفاظتی تدابیر اور ان کی اعلی انتظامی کار روائیوں کی بدولت یہ شعلہ بجھ گیا.

 

آلسپ کمیٹی

 

3 اپریل سنہ 1937ء سے چیف کورٹ لکھنؤ مسٹر جسٹس آلسپ اور مسٹر راس نے شیعہ سنی تنازعہ کی تحقیقات شروع کی. آپ کے سامنے 2 سوالات تھے:

١. کیا حالات موجودہ کی روشنیمیں گورنمنٹ ریزولیوشن مورخہ 7 جنوری سنہ 1909 ء کے اصول اور پالیسی قابل ترمیم ہیں.

٢. کیا حکام کا طرز عمل کسی ترمیم کا متقاضی ہے.

کمیشن نے دونوں جانب کے مشاہیر کی گواہیاں لیں دونوں طرف کی جرح اور بحث سنی اور بر خواست ہو گیا.

مارچ سنہ 1938 ء میں کمیشن کی رپورٹ مع گورنمنٹ ریزولیوشن کے شائع ہوئی ہے جس کو درج کرتے ہیں.

 

فیصلہ

 

28 مارچ سنہ 1938ء وہ تاریخ ہے جس دن مسٹر آلسپ وراس کی رپورٹ مع حکومت کے ریزولیوشن کے شائع ہوئی ہے. ہم حکومت کا بیان مِن و عَن درج کرتے ہیں:

لکھنؤ میں سنیوں اور شیعوں کے درمیان جو افسوسناک کشیدگی سنہ 1936ء میں پیدا ہوئی اس کی بنا پر ہزاکسلنسی گورنر نے ان جماعتوں کے سر برآوردہ اور نمایندہ حضرات کے وفود سے 14 نومبر اور 19 دسمبر سنہ 1936ء کو ملاقات کی ہزاکسلنسی نے یہ امید ظاہر کی کہ یہ لیڈران اپنے اختلافات کو باہمی سمجھوتے سے طے کرنے کی کوشش کریں گے اور اپنے اس ارادہ کا اعلان کیا کہ اگر باہمی سمجھوتہ نہیں ہو سکا تو آپ ایک غیر جانبدار اور با اختیار کمیٹی اس کام کیلئے معین فرمائیں گے کہ وہ اس مسئلہ کی تحقیقات کرے اور اپنے سفارشات پیش کرے. کوششیں کی گئیں کہ کوئی سمجھوتہ ہو سکے مگر با وجودے کہ یہ کوششیں دیر تک جاری رہیں پھر بھی بد قسمتی سے انہیں کوئی کامیابی نہیں ہوئی.

لہذا ایک کمیٹی مقرر کی گئی جو جسٹس آلسپ جج ہائیکورٹ الہ آباد صدر کمیٹی اور مسٹر ایچ. ایچ. راس سینیر ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ ممبر کمیٹی پر مشتمل تھی. اس کے امور تصفیہ طلب حسب ذیل تھے:

١. حال کے واقعات کی روشنی میں کیا گورنمنٹ ریزولیوشن مورخہ 7 جنوری سنہ 1909ء کے اصول اور پالیسی کسی ترمیم کے متقاضی ہیں اور

٢. ان معاملات کے متعلق حکام ضلع نے لکھنؤ میں جو طرز عمل رکھا ہے وہ کسی ترمیم کا متقاضی ہے.

کمیٹی کو یہ ہدایت کی گئی تھی کہ وہ اپنی کاروائی کا عنوان و ضابطہ خود مقرر کرے اور اپنی رپورٹ گورنمنٹ میں پیش کرے.

کمیٹی نے اپنا کام 3 اپریل سنہ 1937ء کو شروع کیا. وہ دونوں جماعتوں کے نمایندوں سے ملے اور اس پیچیدہ مسئلہ پر ہر ایک نقطۂ نظر کے سامنے پیش کیا گیا. فریقین نے جو جو ثبوت دینا چاہے وہ قلمبند کئے گئے کئی دنوں تک بحث سنی گئی.

کمیٹی نے حسب موقع اپنی رپورٹ پیش کی جو اب اطلاع عام کے واسطے حکومت یو. پی کے حکم کے ساتھ شائع کی جا رہی ہے. حکومت کو یقین ہے کہ استقلال اور غیر جانبداری کو عام طور پر مستحسن و محترم سمجھا جائے گا اور حکومت مسٹر جسٹس آلسپ اور مسٹر راس سے اظہار تشکر کرتی ہے.

امور تصفیہ طلب کے متعلق کمیٹی کے نتائج تحقیقات ان کی رپورٹ کے آخر میں إجمالا حسب ذیل مندرج ہیں:

١. گورنمنٹ ریزولیوشن مورخہ 7 جنوری سنہ 1909ء کے معینہ اصول اور پالیسی کسی ترمیم کے متقاضی نہیں ہیں. اور

٢. حکام ضلع نے لکھنؤ میں جو طرز عمل کر رکھا ہے وہ کسی ترمیم کا متقاضی نہیں ہے بشرطے کہ اس طرز عمل میں غیر آئینی کار روائیاں سنیوں کو پریشان کرنے کے واسطے نہ شامل کی گئی ہوں اور بشرطے کہ وہ سبب جس کی بنا پر "مدح صحابہ" کا عام طور پر پڑھنا ممنوع قرار دیا گیا ہو نہ ہو کہ اس سے پبلک کو دقتیں پیش آئیں اور شیعوں کی دل آزاری ہوتی ہو.

آخر میں کمیٹی نے اپنی پر خلوص امید طاہر کی ہے کہ دونوں جماعتوں کے لیڈر اپنے زیادہ نا سمجھ متبعین کی زیادتیوں اور اشتعال انگیز کار روائیوں کو روکنے کی کوشش کریں گے. کمیٹی کو اعتماد ہے کہ دونوں فرقوں کے لیڈران اس امر کی مخلصانہ جد و جہد کریں گے کہ ان میں باہمی رواداری کا جذبہ پیدا ہو کیونکہ اسی ذریعہ سے وہ امن و سکون سے رہ سکتے ہیں.

حکومت یو. پی نے ان استدلالات اور نتائج پر جو نہایت وضاحت کے ساتھ رپورٹ میں درج ہیں انتہائی ہوشیاری اور فکر و تدبر سے غور کیا اور وہ کمیٹی کے فیصلے کو منظور کرتی ہے.

حکومت یہ واضح کر دینا چاہتی ہے کہ سنیوں کا تینوں خلفاء کی پبلک یا پرائیوٹ طور پر مدح کرنے کا حق متنازعہ نہیں ہے. یہ حق وہ بیشک رکھتے ہیں. جو کچھ ما بہ النزاع ہے وہ محض طریقۂ کار اور وہ حالات ہیں جن کے ماتحت لکھنؤ میں اس قسم کی خوانندگی کی کوشش کی گئی جبکہ مختلف جماعتوں کے اعتقادات و نقطۂ نظر میں تصادم ہو تو حکومت کیلئے مداخلت کرنا فرض ہو جاتا ہے تا کہ وہ امن عامہ کا تحفظ کرے اور پبلک کی آسانیوں میں توازن بر قرار رکھے. کمیٹی کا فیصلہ اسی مسلم الثبوت اصول پر مبنی ہے.

حکومت یو. پی کمیٹی کی اس توقع میں اپنے کو تہہ دل سے شریک کرتی ہے کہ یہ مدتوں کا جھگڑا برطرف کر دیا جائے گا اور دونوں جماعتیں باہمی مفاہمت اور رواداری کے جذبہ کے ساتھ اپنے اپنے معتقدات بجا لائیں گی. فرقہ وارانہ فسادات کے جاری رہنے سے دونوں جماعتوں کے افراد کے شہری حقوق اور عام احساسات مجروح اور تلخ ہو جاتے ہیں اور ان کا نا خوشگوار رد عمل پورے شہر لکھنؤ پر مترتب ہوتا ہے. حکومت انتہائی بیچین ہے کہ سنیوں اور شیعوں کے جذبات استواری کے ساتھ بہتر ہو جائیں اور ان میں ایک مرتبہ پھر اتحاد و یکجہتی قائم ہو جائے. وہ لیڈروں سے تاکیداً کہتی ہے کہ وہ بالغ نظری سے کام لیں اور ایک ایسے سمجھوتے کی کوشش جاری رکھیں جو دونوں فریق کیلئے اطمینان بخش ہو.

پنا لال

چیف سکریٹری

یو. پی. گورنمنٹ

 

یہ ہے وہ حکم جس میں پنتھ وزارت نے اپنی دو رنگی کا مکمل اظہار کیا ہے کیونکہ ایک طرف "مدح ثلاثہ" کو سنیوں کا حق تسلیم کیا گیا ہے اور دوسری طرف اس کی ممانعت کر کے شیعوں کو تسکین دی گئی ہے.

شیعوں کی فتح ہو چکی تھی مگر انہوں نے اپنی عالی ظرفی کا مظاہرہ کرتے ہوئے محض اہلسنت کی دل شکنی نہ کرنے کیلئے کسی خوشی کا اظہار نہیں کیا بلکہ برابر سنیوں کی دلجوئی کرتے رہے.

آہ، ان ہی رواداریوں کا یہ صلہ ہے جو مل رہا ہے.!

 

شیعی سیاست میں انقلاب

 

"مدح صحابہ" ایجی ٹیشن کے ملتوی ہوتےہی احراریوں نے اپنا کام شروع کر دیا جس کے ما تحت انہوں نے یہ سب ڈھونگ رچایا تھا یعنی صوبہ بھر میں شیعہ امیدواران الکشن کی ناکامیابی کی کوشش اور مسلم لیگ کے مقابلہ میں کانگریسی امیدواران کی حمایت.

سنہ 1935ء کے اصلاحات کے نافذ ہونے کا زمانہ آرہا تھا اس لئے ہر جماعت الکشن لڑنے پر آمادہ ہو رہی تھی یو. پی میں کانگریس، مسلم لیگ پارلیمنٹری بورڈ اور نیشنل ایگری کلچرسٹ پارٹی میں رسہ کشی ہو رہی تھی. احرار اپنے خداوندا نعمت یعنی کانگریس کے ساتھ تھے.

دسمبر سنہ 1936ء میں لکھنؤ میں "آل انڈیا شیعہ پولٹیکل کانفرنس" کا سالانہ اجلاس زیر صدارت پرنس افسر الملک اکرم حسین صاحب بہادر منعقد ہوا جس میں شیعوں کی سیاست نے ایک نیا چولا بدلا اور جناب سید بشیر احمد صاحب ایسے مدبر اور دور بین انسان نے شیعوں کو سنیوں کی ذہنی غلامی سے آزاد کرانے کے واسطے "مسلم لیگ پارلیمنٹری بورڈ" پر عدم اعتماد کی تحریک پیش کی جس کے معنی ہی یہ تھے کہ شیعوں کو یہ بتلایا جائے کہ تم کو سنیوں اور ہندوؤں کے رحم و کرم پر زندگی نہیں بسر کرنا ہے بلکہ خود اپنے پیروں پر کھڑا ہونا ہے. بشیر با صفا کی تقریر جوش اور تاثیر کا ایک طلسم تھی جو دلوں میں نشتر بن کر اتر گئی اور عین اسی اجلاس میں سوائے مسٹر حیدر مہدی صاحب ایڈوکیٹ کے جملہ شیعہ ممبران مسلم پارلیمنٹری بورڈ نے بورڈ مذکور سے استعفیٰ دیدیا.

اسی اجلاس میں یہ بھی طے پایا کہ جناب افسر الملک کی قیادت میں ایک وفد ہزاکسلنسی وائسرائے کی خدمت میں جائے اور ان سے شیعوں کی نشستیں الگ کرانے کے متعلق گفتگو کرے مگر افسوس کہ سرمایہ کی کمی اور کارکنان کی غفلت سے یہ ضروری ریزولیوشن کاغذ سے عمل کے میدان میں نہ آسکا.

(سید بشیر احمد صاحب رضوی) کی دور رس نگاہوں نے دوبارہ شیعوں کی پسے ہمت زندگی پر نگاہ ڈالی اور ان کو مرد میدان عمل بنانے کے واسطے آپ نے یہ ترکیب سوچی کہ آیندہ اجلاس کانفرنس (1937ء) منعقدہ گنگا پرشاد میموریل ہال میں کانفرنس کے نسب العین میں سے "حصول درجہ نو آبادیت" کے الفاظ نکال کر "مکمل آزادی" کے الفاظ اس میں داخل کرائے اور اس طرح کانفرنس کو دوسری سیاسی جماعتوں کے ہم پلہ بنا کر کھڑا کر دیا.

مگر جوش کی دھاندلی میں کانفرنس مذکور میں ایک ایسا ریزولیوشن پاس ہو گیا جس سے بشیر صاحب کا سارا مقصد فوت ہو گیا یعنی کانفرنس کو مکمل طریقہ پر کانگریس کے حوالہ کر کے دوبارہ شیعوں کے "حریت فکر" اور "اجتہاد ذہن" کا خاتمہ کر دیا گیا.

اسی دوران میں سارے ہندوستان میں نئے ایکٹ کے ما تحت الکشن ہوئے اور ہر جگہ بیچارے شیعہ، سنی اکثریت کا ماتم کرتے ہوئے شکست پا گئے محض معدودے چند شیعہ کامیاب ہوئے اور وہ بھی سنیوں کے رحم و کرم پر.!

لکھنؤ کی حالت بالخصوص بہت خراب تھی. نویں ربیع الاول کے فساد نے شیعوں میں ایک عام بے اطمینانی کی لہر دوڑا دی تھی اس لئے یہاں زیر صدارت جناب نجم العلماء "انجمن خدام العزاء" کا قیام عمل میں آیا جس کے خاص سرگرم کارکن مولانا کلب حسین صاحب اور سکریٹری مسٹر قیصر حسین وکیل تھے.

اس انجمن کے سلسلہ میں یاد رکھنے کی خاص چیز ریزولیوشن ہے جو زیر صدارت جناب نجم العلماء بموجودگی جناب ناصر الملت و دیگر علمائے اعلام پاس ہوا تھا جس میں یہ اعلان کیا گیا تھا کہ "مدح صحابہ ہونے کی صورت میں شیعہ تبرہ کہیں گے اور ضرور کہیں گے." چنانچہ علمائے کرام کے اسی اعلان واجب الاذعان کے مطابق "انجمن تنظیم المومنین" نے محاذ تبرہ قائم کیا ہے.

 

چہلم کا خونین فساد

 

22 اپریل سنہ 1938ء مطابق 20 صفر المظفر کو مدح صحابہ کے افسانہ کا ایک دردناک ہی نہیں بلکہ خونچکاں سین دیکھنے میں آیا اور وہ اس طرح کہ دن بھر شہر کے گوشہ گوشہ سے ماتمداران امام مظلوم علموں کے ساتھ ماتم پڑھتے، سینہ زنی کرتے سر و پا برہنہ گزرا کئے اور ٹھیک  4 بجے گولا گنج سے ایک علم تقریبا 3 ہزار شیعوں کے مجمع کے ساتھ علم اٹھا اور کربلائے تال کٹورہ روانہ ہوا. راستہ میں محلہ پاٹا نالہ (جو مولوی عبد الشکور کا دار الخلافہ اور دار المبلغین کا جائے وقوع ہے.) پڑتا تھا اس لئے علم بدستور سابق اسی جانب سے گزرا اور اس وقت جبکہ مجمع دار المبلغین کے مقابل پہونچ گیا تو برابر والی مسجد سے پتھر آنا شروع ہوئے اور دفعۃ سڑک کے دونوں جانب سے خشت باری شروع ہوگئی چونکہ سڑک کے دونوں جانب اہلسنت رہتے بھی ہیں نیز اس دن فساد کی غرض سے ہزاروں آدمی ان مکانوں میں جمع بھی ہوئے تھے اس لئے اینٹیں اس طرح برسنا شروع ہوگئیں کہ معلوم ہوتا تھا کہ ژالہ باری ہو رہی ہے. مظلوم اور نہتے شیعہ ہزاروں کی تعداد میں مجروح ہوئے اور دو مومن - زوار حسین صاحب اور پیارے صاحب - نام حسینؑ پر قربان ہو گئے.

زندۂ جاوید شہیدان وفا!             زندۂ جاوید فدائے عزا!

اس حرکت سے سارے شہر میں ایک آگ سی لگ گئی اور شیعہ بھی دفاع پر مجبور ہو گئے چنانچہ کئی مسلمان بے گناہ قتل ہوئے سیکڑوں کی تعداد میں مجروح ہوئے اور کئی سو کو حکومت کی آہنی زنجیروں کا خیر مقدم کرنا پڑا.

نتیجہ کیا ہوا.؟ یہی نا کہ چند آدمی مر گئے اور ہزارہا روپیہ غریبوں کا مقدمہ میں برباد ہو گیا.

برادران اہلسنت نے اس وقت جس نظریہ کے ما تحت یہ سب کچھ کیا تھا کہ آیندہ عَلَم اور تعزیہ پاٹا نالہ سے نہ نکلیں وہ حسرت دل کی دل ہی میں رہ گئی اور خود ان پر پولیس کی پابندیاں اتنی عائد ہوگئیں کہ جب کوئی عَلَم یا عزاداری کا جلوس پاٹے نالے سے نکلتا ہے تو ان کے کوٹھوں پر پولیس نگرانی کیلئے متعین کر دی جاتی ہے اور اس طرح ان کی مستورات نیز خود ان کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے. کاش کہ اس روز مذہبی دیوانگی کا یہ ہیبت ناک مظاہرہ نہ ہوتا جس کے نتائج چاہ کن را چاہ در پیش کے اصول کے ما تحت خود ان کو بھگتنا پڑ رہے ہیں.

خدا خدا کر کے 5 / 6 روز میں شہر کی فضا حکام ضلع کی کوششوں سے درست ہو گئی اور ہر دردمند اسلام یہ سوچنے پر مجبور ہو گیا کہ کس طرح شیعہ سنی یونٹی بورڈ بنایا گیا جس میں شیعہ اور سنی معززین جمع ہوئے مگر بورڈ کے مقاصد کے بالکل بر خلاف سنی ممبران نے یہ مطالبہ کیا کہ اول تو شہر کی فضا درست کی جائے اس کے بعد سنیوں کے ما بہ النزاع مسئلہ (مدح ثلاثہ) کو باہمی سمجھوتہ سے طے کیا جائے.

آلسپ کمیٹی کے فیصلہ کے بعد دوبارہ "باہمی سمجھوتہ" کی بنیاد پر فیصلہ کرنے کی اسکیم ایک سراسر فریب تھی اس لئے با وجودے کہ چند شیعہ عمائد نے اس اسکیم کو منظور کر لیا تھا مگر جمہور شیعہ نے 21 مئی کو ایک جلسۂ عام میں کسی اسکیم کو اپنے مفاد کے خلاف سمجھتے ہوئے یہ اعلان کر دیا کہ آلسپ کمیٹی کے فیصلہ کے بعد ہم کوئی دوسرا فیصلہ قبول نہیں کر سکتے اور اس اعلان کےساتھ ہی یونتی بورڈ کا خاتمہ ہو گیا.

 

حیات نو کے آثار

 

چہلم کے محشر خیز ہنگامہ کے بعد شہر کے شیعوں کی حالت بہت خراب ہو گئی. ان کی زندگی دشمنون کے ہاتھوں میں آگئی تھی ان کس باہر نکلنا دشوار ہو گیا تھا. عزاداری تقریب بند ہو چکی تھی. عَلَم اور تابوت اس شان کے ساتھ جس طرح وہ اٹھاتے تھے بند ہو گئے اور بڑے بڑے مجمع کے ساتھ اٹھنے والا تعزیہ 5 / 4 مومنین اور 20 / 25 پولیس والوں کی معیت میں اٹھا. مجالس کا سلسلہ منقطع ہو گیا تھا. بڑے بڑے لیڈر خوف سے اپنے دروازے بند کئے بیٹھے تھے اور غریب شیعوں یا کوئی پرسان حال نہ تھا. ان کی تجارت اور ان کا کار و بار بند ہو چکا تھا کہ ایک مرتبہ ان کی مظلومیت بھری آہوں نے در قبول تک رسائی حاصل کی اور چند متحد خیال حضرات نے "انجمن تنظیم المومنین" کی بنیاد ڈالنے کا ارادہ کیا.

تنظیم المومنین قائم ہوئی اور اس کا پہلا زبردست جلسۂ عام 31 مئی کو افکل محل میں زیر صدارت مولانا مولوی مفتی احمد علی صاحب قبلہ منعقد ہوا جس میں شیعوں دبے ہوئے جذبات اور کچلے ہوئے محسوسات جو ایک نئی انقلابی زندگی کا پیغام پہونچایا گیا. سید بشیر احمد صاحب وکیل کی زلزلہ افگن اور دلوں جو ہلا دینے والی 6 گھنٹہ کی تقریر کی یاد کبھی شیعوں کے دلوں سے فراموش نہیں ہو سکتی کیونکہ اس تقریر نے ایک مرتبہ ان کے ہاشمی لہو کو اس طرح گرما دیا تھا کہ دوسرے ہی روز انہوں نے "تخت یا تختہ" کہہ کر دوسروں سے کفن باندھ کر بزازہ کی مسجد پر "مدح ثلاثہ" کا تار پود بکھیر دیا.

یہ وہ زمانہ تھا جبکہ سنیوں نے مساجد اور مکان کی چھتوں پر لاؤڈ اسپیکر لگا کر "مدح ثلاثہ" گانا شروع کر دی تھی. جس سے شیعوں کے جذبات مذہبی بیحد مجروح ہو رہے تھے. تنظیم المومنین نے اپنے جانبازوں کے بل پر ہر اس مقام پر "مدح ثلاثہ" ہوتی تھی. محاذ تبرہ بھی قائم کرنا شروع کر دیا چنانچہ ہر اس جگہ جہاں "مدح ثلاثہ" گائی گئی وہاں تنظیموں نے تبرہ کی بجلی گرائی.

         اس چیز کا خاطر خواہ اثر ہوا اور سنیون نے اپنی غلطی کو سمجھتے ہوئے یہ طرز عمل ترک کر دیا.

 

ہماری رواداریاں

 

شہر کی فضا ہموار ہوچکی تھی اور "مدح ثلاثہ" کا ہنگامہ اپنی تمام شورشوں کےساتھ ختم ہو گیا تھا اس لئے ہم نے پھر سنیوں کو یہ موقع دیا کہ وہ مدت کے بچھڑے ہوئے دو بھائی گلے مل جائیں اور شیعہ سنی اتحادکا روح افزا منظر دوبارہ دنیا دیکھ لے اس لئے "فلسطین ڈے" کے سلسلہ میں جو کہ ایک نہایت اہم بین الاقوامی معاملہ تھا اور جس میں شرکت اور تعاون حکم علامہ کاشف الغطاءؒ اور دوسرے علمائےؒ عراق دے چکے تھے.

تنظیم المومنین نے شیعوں کی اتحاد، دوستی اور وسیع الاخلاقی کا ثبوت دیتے ہوئے ان ہی سنیوں سے اشتراک عمل کیا جو آج سے چند روز پہلے ہمارے گلے پر چھری پھیر چکے تھے.

یہی نہیں کہ اتحاد بین الاسلامی کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے ہر اس موقع پر برادران اہلسنت کا ساتھ دیا جس کو بین الاسلامی حیثیت حاصل تهی.

18 دسمبر سنہ 1938ء کو لکھنؤ میں "اردو ڈے" منایا گیا اور چونکہ یہ ایک خالص اسلامی معاملہ تھا اور اس کا تعلق کلیۃً مسلمانوں کے تمدن سے تھا اس لئے ہم نے اس میں مکمل ا راک کیا اور جناب سید بشیر احمد صاحب وکیل کی تقریر نے یہ ثابت کر دیا کہ شیعہ ہمیشہ اردو کے تحفظ کی خاطر سینہ سپر رہیں گے.

کمال اتاترک کا انتقال سنی دنیا کے واسطے چاہے کیسا ہی جانگزا کیوں نہ ہو مگر شیعوں کا ان سے کوئی تعلق نہ تھا مگر "کمال دے" میں شیعوں نے محض باہمی محبت کا اظہار کرنے کیلئے ساتھ دیا اور کمال اتاترک کا غم منا کر یہ دکھلا دیا کہ ہم ہمیشہ شادی و غمی میں اہلسنت کے ہمدرد ہیں.

نظام حیدرآباد کے خلاف آریو‍ نے ایجی ٹیشن جاری کیا اور برابر حیدرآباد جا جا کر اسیر ہونے لگے. انہوں نے نظام کو ذلیل کرنے اور برطانوی ہند کے ہندوؤں اور بالخصوص آریوں میں حیدرآباد کی اسلامی ریاست کے خلاف بد ظنی پیدا کرنے کے واسطے ہندوستان کے ہر ہر شہر میں "نظام ڈے" منانا چاہا چنانچہ لکھنؤ میں بھی آریوں نے یہ طے کیا کہ وہ "حیدرآباد ڈے" منائیں گے. اس احتجاج کے کامیاب بنانے کے واسطے آریوں نے انتہائی اشتعال انگیز طریقہ اختیار کیا اور شہر میں چھوٹے چھوٹے جلوسوں کے ساتھ انتہائی دل شکن نعرے بلند کئے.

حیدرآباد کے معاملہ کا تعلق براہ راست اہلسنت سے ہے کیونکہ وہ ایک سنی ریاست ہے. اگر نوکر اس ریاست میں کچھ شیعہ نوکر ہیں یا کچھ شیعوں کو اس ریاست سے وظیفہ ملتا ہے تو اس کے ہرگز یہ معنی نہیں ہو سکتے کہ شیعوں کا حیدرآباد سے کوئی تعلق ہے.

ہندو ریاستوں میں اگر کچھ مسلمان نوکر ہیں تو اس کے یہ معنی نہیں ہو سکتے کہ وہ مسلم ریاست ہو جائے گی.

اسی طرح حیدرآباد شیعہ ریاست یا حیدرآباد سے شیعوں کے گہرے تعلقات کا تخئیل محض بیکار ہے.

یہ ایک خالص سنی مسئلہ تھا مگر لکھنؤ کی سر زمین نے یہ منطر بھی اپنی آنکھوں سے دیکھا ہے کہ سنیوں سے زیادہ شیعوں نے آریوں کا مقابلہ کیا اور آخر شیعوں کی مدافعت ہی سے لکھنؤ میں آریہ "حیدرآباد ڈے" نہ منا سکے.

یہ تھیں ہماری رواداریاں!            مگر ان کا صلہ …؟

بے وفائی، کج روائی، پامالی اور تباہ کن تعصب پروری.

ببین تفاوت رہ از کجا تا بہ کجا.

 


دوبارہ احتجاج کی ابتدا

 

مسجد بساطیاں جو چوک میں واقع ہے ایک ایسی مسجد ہے جس میں اور سڑک میں کوئی خاص حد فاصل نہیں ہے اور سڑک سے ہی مسجد کا اندرونی حصہ بخوبی نظر آتا ہے. اہلسنت نے مخض از روئے شرارت ایک دن مسجد پر گلے پھاڑ پھاڑ کر "مدح صحابہ" شروع کر دی جس کا لازمی نتیجہ یہ تھا کہ چوک بھر "نعرۂ فاروق اور نعرۂ صدیق" سے گونجنے لگا، پولیس کو جیسے ہی یہ خبر ملی وہ فورا آکئی اور اس نے اس شرارت کے سرغنہ حضرات کو گرفتار کر لیا.

اس شر انگیزی کی خبر بجلی کی سارے شہر میں دوڑ گئی اور شیعوں میں بالخصوص اس طرح کے مقام عام پر "مدح صحابہ" ہونے سے انتہائی اشتعال پیدا ہو گیا.

سنیوں کا شورش پسند طبقہ اس خبر کو ایک فال نیک سمجھا اور اس نے اپنے آپ کو "تحفظ ناموس صحابہ" کے نام سے منظم کر کے یہ چاہا کہ وہ ہر جمعہ کو مسجد بساطیاں پر "مدح ثلاثہ" اور "تبرہ" کے محاذ قائم ہو گئے مگر حکومت نے اپنی دانشمندی کا ثبوت دیتے ہوئے "مدح ثلاثہ" رکوا دی لہذا تبرہ بھی شیعوں نے روک دیا.

اس کے بعد بھی سنیوں نے کئی مقامات پر "مدح صحابہ" کرنا چاہی مگر پولیس کی بر وقت مداخلت کی وجہ سے اپنے ارادوں میں کامیاب نہ ہو سکے.

"تحفظ ناموس صحابہ" نے یہ طے کر لیا کہ کچھ ہو مگر ایجی ٹیشن ضرورت جاری کیا جائے اور اس کیلئے انہوں نے ٹیلہ کی مسجد پر سنیوں کا جلسہ منعقد کیا جس میں یہ طے کیا گیا کہ "مدح ثلاثہ" کے حق کےحصول کے واسطےدوبارہ جنگ شروع کی جائے اور مولوی عبد الشکور صاحب سے استدعاکی گئی کہ وہ آکر اس معاملہ میں سنیان لکھنؤ کی رہنمائی کریں.

گرما گرم مباحثہ اور پر جوش تقریریوں کے بہتے ہوئے سیلاب نے آخر کاشانہ اسلام میں آگ لگا دی اور جاہل سنی عوام کے جذبات سے کھیلتے ہوئے ناعاقبت اندیش مقررین نے آخر وہ کر دیس جا کا خمیازہ آج تک دنیائے اسلام بھگت رہی ہے.

یہی وہ جلسہ تھا اور اسی جلسہ کی پاس کردہ وہ تجاویز تھیں جن کے تلخ نتائج، آہ ج کے خونچکاں، اسلام سوز اور اتحاد پاش نتائج کا اندازہ کر کے ایک صحیح اسلامی درد رکھنے والا مسلمان تڑپ اٹھتا ہے مگر اب رونے سے کیا ہوئے ہے جب چڑیاں چک گئیں کھیت.

بہر حال ایجی ٹیشن شروع ہوا اور ہر جمعہ کو گرفتاریاں ہونے لگیں اور مدح ثلاثہ کا دوسرا طوفان پھر افق اسلام کو غبار آلود کرنے لگا.

 

محاذ تبرہ کی تیاریاں

 

21 اکتوبر کے اخبار سرفراز میں جنرل سکریٹری تنظیم المومنین کا ایک بیان "تنظیم المومنین کا نظریہ اور قضیہ مدح صحابہ" کے عنوان سے شائع ہوا ہے. جو شیعیان ہند کے مذہبی جذبات کا آئینہ دار ہے اس لئے درج ذیل کیا جا رہا ہے:

مدح صحابہ کے متعلق جو آخری فیصلہ اہلسنت کا ہے اس سے یہ معلوم ہوتا ہے کہ وہ اس کو سول نافرمانی کی شکل میں عمل میں لانے والے ہیں جس کے معنی یہ ہیں کہ وہ یہ خیال کرتے ہیں کہ مدح صحابہ ہونے کی حالت میں گورنمنٹ کی طرف سے انسداد کیا جایے گا اور گرفتاریاں اور دیگر قانونی کار رسوائیاں عمل میں لائی جائیں گی. ایسا ہونے کی حالت میں شیعوں کو کسی قسم کی شورش یا اقدام کرنے کی ضرورت معلوم نہیں ہوتی لیکن اگر مدح صحابہ پڑھے جانے کی حالت میں گورنمنٹ کی جانب سے کوئی روک ٹوک نہ ہوئی تو شیعوں کا فرض ہوگا کہ جوابی شکل میں تبرہ شارع عام پر پڑھنے کا انتظام کریں. آخر الذکر صورت میں پہلے سے تیاری کی ضرورت ہوگی لہذا انجمن تنظیم المومنین نے اپنے جلسہ ہائے عام منعقد امامباڑہ آغا باقر 8 اکتوبر سنہ 1938ء و کنارہ گومتی نیمہ شعبان مطابق 10 اکتوبر سنہ 1938ء یہ طے کیا ہے کہ وہ صورت موخر الذکر میں بالضرور تبرہ پرھنے کا انتظام کرے گی اور اس میں دیگر جملہ ادارہ جات سے اتحاد و اشتراک عمل کی امید رکھتی ہے.

یہ بھی مناسب معلوم ہوتا ہے کہ ایک درخواست حجام ضلع کی خدمت میں اس مضمون کی پیش کی جائے کہ شیعوں کو اجازت تبرہ پڑھنے کی شارع عام پر دی جایے اور اس فریضۂ مذہبی کی ادائیگی میں ان کی حفاظت کی جائے.

لہذا تمام شیعی ارادہ جات سے گذارش ہے کہ وہ انجمن ہذا کو اس سے مطلع فرمائیں کہ آیا اس کے اس اقدام میں تعاون کیلئے تیار ہیں یا نہیں. درصورت ان کے تیار ہونے کے مناسب ہوگا کہ جملہ ذمہ دار ارکان جملہ ادارہ جات کے یکجا ہو کر لائحہ و حلقۂ عمل اپنے اپنے لئے مرتب کریں.

امر ثانی یعنی درخواست کے پیش کرنے کی ضرورت بھی اس وقت ہوگی جبکہ گورنمنٹ کی طرف سے مدح صحابہ پڑھنے کی اجازت دی جائے گی یا در صورت بغیر اجازت اس کے پڑھے جانے کی کوئی قانونی کار روائی اس کے انسداد کیلئے نہیں کی جائے گی لیکن درخواست کا پہلے سے تیار رہنا اور اس پر دستخطوں کا پہلے سے ثبت رہنا ضروری ہے اس لئے دیگر انجمنوں سے بصد ادب استدعا ہے کہ جواب معروضہ ہذا کا تاریخ 22 اکتوبر سنہ 1938ء عطا فرمایا جائے.

نوٹ:- بیرونجات کی انجمنوں اور اداروں کیلئے آخری تاریخ 30 اکتوبر سنہ 1938ء ہے.

ایکٹنگ جنرل سکریٹری تنظیم المومنین

14 اکتوبر سنہ 1938ء

اس ہنگامہ خیز اعلان کے بعد ہندوستان بھر کے شیعوں نے جلسے کئے اور اپنی جانی اور مالی قربانیاں پیش کرنے کا پر زور وعدہ کیا.

لکھنؤ کے شیعوں میں بھی اس اقدام سے سخت ہیجان پیدا ہو گیا اور ہر فرد شیعہ کا قلب درد و ابر کا پیمانہ بن گیا. سر فروشانہ انداز میں شیعوں نے اپنی ہم آہنگی کا اظہار کرتے ہوئے قوم پر نثار ہو جانے کا عزم کر لیا اور بالآخر 2 نومبر سنہ 1938ء کو ہماری آنکھوں نے شیعوں کے اتحاد، ان کی تنظیم، ان کی جانبازانہ تیور اور ان کی مجاہدانہ تیاریوں کا منظر دیکھ لیا.

 

شیعیان لکھنؤ کی بیداری اور مدح صحابہ کے مقابلہ کی تیاری

 

 2 نومبر سنہ 1938ء 7 بجے شام کو امامباڑہ آغا باقر کی لکھنؤ میں شیعیان لکھنؤ کا ایک عظیم الشان اور نمایندہ جلسہ زیر صدارت شمس العلماء مولانا نجم الحسن صاحب قبلہ منعقد ہوا جس میں انجمن خدام العزاء اور تنظیم المومنین دونوں نے اشتراک کا مظاہرہ کیا.

اس جلسہ میں حسب ذیل ریزولیوشن جو شیعی دنیا میں ایک تاریخی حیثیت رکھتے ہیں پاس ہوئے.

١. شیعیان لکھنؤ کا جلسۂ عام تجویز کرتا ہے کہ اگر ہمارے سبر و سکون کے با وجود اہلسنت نے اتحاد اسلامی کو مجروح اور امن و امان کو تباہ کرتے ہوئے شارع عام پر یا مقام عام پر مدح صحابہ پڑھی جس کا سننا تمام شیعوں کیلئے قطعا ناقابل برداشت ہے اور اگر حکومت کی جانب سے فوری انسدادی اقدام نہ کیا گیا تو شیعوں کا فرض ہوگا کہ وہ اس کے جواب میں شارع عام پر یا مقام عام پر تبرہ پڑھیں.

اس تجویز کو عملی جامہ پہنانے کے واسطے اسی جلسہ نے حسب ذیل دوسرا ریزولیوشن پاس کیا.

٢. چونکہ شورش مدح ثلاثہ کو دیکھتے ہوئے شیعوں کیلئے یہ ناگزیر ہو رہا ہے کہ وہ بھی تبرہ کے فریضۂ مذہبی کو حکومت سے منوائیں لہذا شیعیان لکھنؤ کا ذمہ داران تنظیم المومنین و خدام العزاء کو مجاز کرتا ہے کہ وہ ایک کمیٹی بنائیں جو سردست 12 افراد پر مشتمل ہو. اس کو اختیار ہو گا کہ اپنے ممبران میں اضافہ کر سکے تا کہ اس کمیٹی کے ذریعہ سے عملی اقدامات جو اس سلسلہ میں ضروری ہوں عمل میں لائے جائیں.

 

وزیر اعظم سے شیعہ سنی وفود کی ملاقات

 

2 نومبر کو متعدد سنی اصحاب کا ایک وفد آنریبل گوبند بلبھ پنت وزیر اعظم یو. پی سے ملا. آنریبل وزیر اعظم نے شہر کی فرقہ وارانہ فضا کو بہتر بنانے کی فرمائش کی اور مدح صحابہ کے متعلق فرمایا کہ یہ شیعہ سنی کے سمجھوتہ ہی سے حل ہو سلتا ہے. اس وفد میں مولوی عبد الشکور صاحب، مولعی ظفر الملک صاحب، خان بہادر احمد حسین، مسٹر محمد وسیم، خان بہادر مستنصر اللہ، حکیم عبد المعید، خواجہ کمال الدین، احمد حسن عرف مجن صاحب میونسپل کمشنر، مولوی محمد عتیق صاحب اور چودھری حیدر حسین صاحب شریک تھے.

3 نومبر کو دوسرے ہی روز شیعوں کا ایک وفد ٹھیک 10 بجے آنریبل وزیر اعظم سے ملا.

اس وفد کے ارکان حسب ذیل تھے:

١. سرکار ناصر الملت مد ظلہ

٢. سرکار نجم الملت مد ظلہ

٣. جناب مولانا کلب حسین صاحب قبلہ

٤. جناب سید العلما مولانا علی نقی صاحب قبلہ

٥. خان بہادر مولوی مہدی حسن صاحب

٦. سید علی ظہیر صاحب بیرسٹر

٧. سید افسر حسین صاحب وکیل

٨. مرزا جعفر حسین صاحب

٩. نواب حیدر مرزا صاحب

١٠. نواب رضا علی خان صاحب

١١. سید اصغر حسین صاحب جج

١٢. سید قیصر حسین وکیل

١٣. سید آل رضا صاحب وکیل

ان کے علاوہ بھی شامل تھے:

١٤. مولوی محمد نصیر صاحب

١٥. نواب سلطان علی خان صاحب

١٦. مولوی ضامن حسین صاحب

١٧. سجاد علی خان صاحب

شروع میں آنریبل وزیر اعظم نے تقریر فرمائی اور شہر کی فضا بہتر بنانے کی خواہش کی. آپ نے ایک ایسی کمیٹی کے قیام کے انجان کی طرف بھی اشارہ کیا جو فریقین کے درمیان بہتر تعلقات قائم کرنے کی کوشش کرے.

آپ کی تقریر کے بعد جناب خان بہادر مولوی مہدی حسن صاحب، سید علی ظہیر صاحب بیرسٹر، سید العلماء مولانا علی نقی صاحب قبلہ نے جامع و مانع تقریریں کیں اور بتایا کہ فرقہ شیعہ ہر وقت امن و سکون کا طالب اور فضا کو بہتر بنانے کا کوشاں ہے اور ہر اس کمیٹی میں اس کے نمایندے شریک ہونےبکو تیار ہیں جس میں شیعہ سنی تعلقات بنانے کی کوشش کی جائے. البتہ شیعہ کسی ایسی کمیٹی کے اندر یا کسی اور طرح مدح صحابہ کے بار بار طے شدہ مسئلہ پر از سر نو غور کرنے پر تیار نہیں ہو سکتے. بعض اور حضرات نے انہیں تاثرات کا اظہار کیا.

آخر میں وزیر اعظم صاحب نے چاہا کہ شیعوںکے دو نمایندے اس طرح نامزد کر دئے جائیں جن سے آپ وقتا فوقتا ملاقات کرتے رہیں اور ان سے مشاورت کرتے رہیں چنانچہ سید اصغر حسن صاحب اور نواب مہدی حسن صاحب شیعوں کے نمایندہ مقرر کئے گئے اور وفد کامیابی کے ساتھ واپس آیا.

 

١١؍ نومبر کا کمیونک

 

کانگریس حکومت کی نا عاقبت اندیشی اور عدم تدبر کی بدترین مثال 11 نومبر کا سیاہ کمیونک ہے جس نے اگر ایک طرف شیعوں کا اعتماد کانگریس پر ختم کر دیا تتو دوسری طرف شورش پسند سنیوں کی ہمتوں میں اضافہ کر کے ان کو یہ موقع دیدیا کہ وہ مزید ایجی ٹیشن کریں. اس کمیونک کی رو سے حکومت نے یہ اعلان کر دیا کہ "سنیوں کا یہ حق ہے کہ وہ مساجد محافل (میلاد وغیرہ) اور مکانوں میں مدح صحابہ پرھ سکیں نیز یہ کہ حکومت یہ غور کر رہی ہے کہ وہ آیندہ سازگار. حالات ہو جانے کی صورت میں سنیوں کو شارع عام پر مدح صحابہ پڑھنے کی اجازت دیدے گی.

اس کمیونک کے شائع ہوتے ہی شہر کے شیعوں میں سنسنی پھیل گئی اور وہ یہ سوچنے پر مجبور ہو گئے کہ موجودہ حکومت کے پیش نظر ہرگز انصاف نہیں ہے بلکہ احباب نوازی مسلمانوں میں افتراق انگیزی اور مسلم ماس کنٹکٹ اسکیم کی کامیابی کے واسطے یہ چالیں چلی جا رہی ہیں. وہ یہ سمجھ رہے تھے کہ حکومت کا یہ وعدہ کہ وہ آئندہ سازگار حالات کے پیدا ہونے کی صورت میں سنیوں کو شارع عام پر مدح صحابہ پڑھنے کی اجازت دیدے گی. یقیناً کبھی نہ کبھی پورا ہوگا وہ دیکھ رہے تھے کہ آج کی چنگاری انگاروں کے سمندر میں تبدیل ہو کر رہے گی اور یہ چھوٹا سا فلیتہ اسلامی دنیا کے امن و سکون کو آگ لگا کر دم لے گس مگر اس کے با وجود انہوں نے نہایت صبر و استقلال سے کام لیا اور کسی قسم کی اشتعال کا مظاہرہ نہیں کیا.

اسی دن شام کو باغ شیر جنگ میں زیر اہتمام انجمن تنظیم المومنین کا ایک جلسۂ عام منعقد ہوا جس میں اس کمیونک کے خلاف شیعوں کے سچے جذبات کی ترجمانی کی گئی تھی. اس جلسہ میں قائد اعظم نواب سلطان علی خان صاحب نے اعلان کیا تھا کہ اگر سنیوں کو شارع عام پر مدح صحابہ گانے کی اجازت دی گئی تو تنظیم المومنین لکھنؤ نیز دوسرے مقامات کے 20 ہزار مجاہدین میدان عمل میں اتار دے گی جو حکومت سے "حق تبرہ" لے کر دم لے گی.

کیا مبارک تھی وہ زبان اور کتنے سچے تھے وہ الفاظ جو قائد اعظم کی زبان سے نکلے تھے.!

 

صدر کانگریس کو ایڈریس

 

سنہ 1938ء میں سالانہ اجلاس شیعہ پولیٹیکل کانفرنس گنگا پرشاد میموریل ہال میں زیر صدارت سر سید وزیر حسن صاحب منعقد ہوا.

اس اجلاس میں کانفرنس مذکور کا نصب العین مکمل آزادی قرار پایا اور یہ طے پایا کہ شیعہ پولیٹیکل کانفرنس کانگریس کی حلیف جماعت بنا دی جائے. مسلم لیگ کی بے اعتنائیوں اور برادران یوسف کی کج ادائیں سے مجبور ہو کر شیعوں کو یہی راستہ اختیار کرنا پڑا اور شیعہ کانگریس میں جذب ہونے لگے کانفرنس کا یہ طرز عمل درست ہو یا نہ ہو مگر عوام کے جذبات کا آئینہ دار ضرور تھا اور یہ صاف دکھلا رہا تھا کہ شیعیان لکھنؤ مسلم لیگ سے اس کی سنی نواز پالیسی اور اس کے نا قابل عفو جرم خاموشی سے ضرور بد دل ہیں.

بہر حال لکھنؤ کے شیعوں کی ایک کثیر جماعت پولٹیکل کانفرنس کے ایما کے مطابق کانگریس کی ہمنوا بن گئی مگر آخر میں کانگریس کی نا قابل انکار سہل انگاریوں اور تغافل کیشیوں کی بدولت شیعہ اس سے بد دل ہوتے گئے یہاں تک کہ آخر شیعوں نے اپنا سیاسی مسلک یہی قرار دیدی کہ نہ تو وہ کانگریس میں رہیں گے، نہ مسلم لیگ میں بلکہ اپنی جداگانہ تنظیم کریں گے.

نومبر سنہ 1938ء میں لکھنؤ میں مسٹر بوس صدر کانگریس تشریف لائے اور چند کانگریسی شیعوں نے شیعہ یتیم خانہ میں ان کو دعوت دی جس میں ان کی خدمت میں ایک ایڈریس بھی پیش کیا گیا جس کا یہ حصہ قابل غور ہے:-

"ہم یہ عرض کرنے کی اجازت چاہتے ہیں کہ ایسی حالت میں حکومت کا وہ کمیونک جو حال ہی میں شائع ہوا ہے اور جس سے سنیوں کی ہمت افزائی اور شیعوں کی حق تلفی ہوتی ہے انتہائی نا عاقبت اندیشی پر مبنی ہے کیونکہ یہ سابقہ رسم و رواج و نیز پگٹ و آلسپ کمیٹی کی سفارشات کے بالکل خلاف ہے. اس سرکاری بیان سے شیعوں کے دل میں یہ اندیشہ پیدا ہوتا ہے کہ گورنمنٹ شیعہ اقلیت کے مسلمہ مذہبی و سیاسی حقوق کو سنی اکثریت سے مرعوب ہو کر کچل دینا چاہتی ہے. ہم جناب ہی سے نہیں بلکہ جناب کے توسط سے یو. پی گورنمنٹ سے عرض کر دینا چاہتے ہیں کہ مدح صحابہ کے سلسلہ میں شیعوں کا نقطۂ نظر بالکل واضح ہے اور وہ کسی حالت میں شارع عام یا مقام عام پر مدح صحابہ پڑھی جانس برداشت نہیں کر سکتے. ایسی صورت میں قدیم رواج میں کسی ترمیم یا تبدیلی کی ضرورت نہیں ہے.

مدح صحابہ کے مقام عام پر پڑھنے کی حقیقت اس امر سے روشن ہو جاتی ہے کہ اس قسم کی رسم نہ کسی حصہ دنیا میں آج تک رائج ہوئی اور نہ سنی المذہب حضرات نے 13 سو برس سے آج تک اس کو جزو مذہب سمجھ کر اس پر عمل در آمد كيا. یہ لڑائی در حقیقت سیاسی لڑائی ہے جس پر خواہ مخواہ مذہبی رنگ چڑھا دیا گیا ہے اور جس کا مقصد یہ ہی ہے کہ تعصبکے شعلے بھڑکا کر شیعوں کو ان کے جائز سیاسی حقوق سے محروم کر دیا جائے."

اس لمبے چوڑے ایڈریس میں شیعوں کی تاریخ ان کے تمدن کی ہمہ گیری ان کی قوم پرستوں اور ک و قوم کی خاطر ان کی سر فروشانہ جد و جہد کا تذکرہ تھا اس ٹکڑے نے جان ڈال دی ہے اور اس ایڈریس کو معمولی خوشامد پسند کاغذ کی سطح سے ابھار کر ایک قومی مطالبہ کی صورت عطا کر دی ہے.

اب ہم ایڈریس کے اس حصہ کا وہ جواب پیش کریں گے جس سے مسٹر بوس نے تقریبا 5 ہزار آدمیوں کے مجمع کے سامنے شیعوں کی ایک فی الجملہ تسکین کی تھی:-

"جو سوال آپ نے بتایا ہے یعنی شیعہ سنی تنازعہ، اس کے متعلق مجھے یہ کہنا ہے کہ ہم اس کے بارے میں ضرور غور کریں گے. کانگریس کی بنیاد اصول انصاف پر ہے. اگر کانگریس میں کوئی اثر ہے اور اگر اس کی بات ملک میں پوچھی جاتی ہے تو وہ صرف اس لئے ہے کہ وہ انصاف کے اصول کو مانتی ہے. کانگریس ہر ایک کے ساتھ انصاف کرنا چاہتی ہے. ہمیں پوری آشا (امید) ہے کہ اس سوال میں کانگریس منسٹری ضرور انصاف برتے گی. ہمارے منسٹر کسی ذاتی غرض کیلئے منسٹر نہیں ہوئے ہیں. وہ کانگریس کے سپاہی ہو کر منسٹر ہو گئے ہیں. اگر وہ دیکھیں گے کہ وہ کانگریس کی خدمت اور سب کے ساتھ انصاف نہیں کر سکتے تو وہ ایک دن بھی وزیر نہیں رہیں گے. ضرورت ہو گی تو ہمارے منسٹر وزارت چھوڑ کر میدان میں کھڑے ہو جائیں گے. مجھے نہیں معلوم کہ وزارت کی میز کی درازوں میں اس کے متعلق کون کون سے کاغذات ہیں لیکن ہمیں پورا وشواش (یقین) ہے کہ ہماری منسٹری اس سوال میں انصاف کرے گی."

یہ تھا وہ جواب جو کانگریس کے صدر نے شیعوں کو دیا تھا اور آہ غریب شیعہ اس جواب ہی پر مغرور ہو گئے مگر دنیا نے دیکھ لیا کہ انصاف پسندی اور صداقت شعاری جس چیز کا نام ہے وہ احباب نوازی اور سیاسی مصالح پر اس طرح قربان کی جا سکتی ہے محض حافظ ابراہیم اور حسین احمد کی خاطر رکھتے اور مسلم مفاد کنٹکٹ پروگرام کو کامیاب بنانے کے واسطے مدح ثلاثہ کی اجازت دیدی گئی اور اس طرح ہندوستانی سیاست کی اس کمزوری اور بد عنوانی کو عالم آشکار کر دیا گیا جو آج ظاہر ہے.

کراچی کا سنہ 1929ء کا ریزولیوشن جس پر کانگریسی حضرات بہت بغلیں بجاتے ہیں اور جد کو اقلیت نوازی اور انصاف پروری کا نقیب قرار دیتے ہین آج زبان حال سے کہہ رہا ہے کہ:-

کاغذی ہے پیراہن، ہر پیکر تصویر کا

نظریات بلند سے بلند اور اعلی سے اعلی شاعرانہ تخئیلات اور ارفع ترین نظر بنا کر دنیا کو مغالطہ میں ڈال دینا آسان ہے مگر ان نظریات کی عملی تصویر ہمیشہ سادہ رہتی ہے یہی وجہ ہے کہ سنہ 1929ء میں آیتوں کی حفاظت اوران کے مذہب و تمدن و تہذیب کے تحفظ کی تجویز تو آسانی سے پاس کر دی گئی مگر جب مسلمانوں کے دوفرقوں میں پھوٹ ڈلوا کر رام راج کے قیام کا وقت آیا تو اندرونی عصبیت اور خالص تنگ نظری کا مظاہرہ کرتے ہوئے 31 مارچ کا سیاہ کمیونک نکال دیا گیا.

مسٹر بوس کا بیان بھی اسی طرح کا ایک پاشان خیال تھا جس کی دھجیاں زمانہ نے اپنے پندار شکن ہاتھوں سے اڑا دیں.!

 

یوم فارق

 

خلیفۂ ثانی کی موت تاریخ 26 ذی الحجہ ہے اس لئے اگر ان کی برسی وغیرہ منائی جا سکتی ہے تو 26 ذی الحجہ کو مگر نہ معلوم کیوں مولوی عبد الشکور صاحب نے یکم محرم الحرام کو آمین الدولہ پارک ایسے مرکزی مقام پر یوم فاروق منائے جانے اور اس میں مدح ثلاثہ کی بے سری بانسری بجانے کا اعلان کر دیا.

محرم کا مہینہ شیعوں کی مذہبی جد و جہد کا زمانہ ہوتا ہے. پہلی ہی تاریخ سے ہر گھر میں مراسم عزس کا بجا لایا جانا مجالس اور ماتم کا قیام، سیاہ پوشی، ترک لذات و ترک زینت غرض کہ ہر چیز سے حزن و ملال کے آثار نمایاں اور در و دیوار سے نالہ و شیون کی آوازیں بلند رہتی ہیں. ایسے محشر آفریں وفت میں مدح صحابہ پڑھے جانے کا اعلان جیسا نامناسب اور مہمل تھا تھا وہ اظہر من الشمس ہے. لکھنؤ کی شیعی دنیا میں ایک آگ سی لگ گئی اور جذبۂ دینی سے متاثر ہو کر شیعوں نے طے کر لیا کہ یا تخت یا تختہ یا تو مدح ثلاثہ بند کرا دی جائے یا اپنی جانیں حسین کے مبارک نام پر نچھاور کر دی جائیں.

شہر کی صورت حال نازک ہو رہی تھی اس لئے حکام ضلع نے مولوی عبد الشکور اور ان کے چند ساتھیوں کو زیر دفعہ 107 گرفتار کر لیا اور امین آباد سے سنیوں کے مجمع کو منتشر کر دیا اس وقت آمین آباد میں شیعہ بھی کافی تعداد میں موجود تھے.

مولوی عبد الشکور اور ان کے ساتھیوں کا مقدمہ پیش ہوا اور ان سے ضمانتیں طلب کی گئیں مگر انہوں نے ضمانتیں دینے سے انکار کر دیا جس سے ان سب کو سزائیں دیدی گئیں.

اس خبر سے فطرتا سنیوں کو اشتعال ہونا ضروری تھا کیونکہ اب مولوی عبد الشکور صاحب کا اثر و اقتدار سنیوں میں کافی ہو چکا تھا اور چنگاری کو شیخ شوکت علی کے احاطہ میں ہونے والے سالانہ جلسوں نے اور ہوا دے کر بھرکتا ہوا شعلہ بنا دیا جس کا لازمی نتیجہ ہوا کہ جاہل سنی عوام کے جذبات مشتعل ہو گئے اور وہ دوبارہ ایجی ٹیشن جاری کرنے پر آمادہ ہو گئے.

انجمن تحفظ ناموس صحابہ نے رضا کاروں کی بھرتی کا کام تیزی سے شروع کر دیا اور ایجی ٹیشن میں ترقی ہو گئی.

ایام عزا کی وجہ سے شیعوں کے جذبات بھی بہت برانگیختہ تھے مگر انہوں نے انتہائی صبر و سکون کا مظاہرہ کیا اور عاشور میں کوئی خاص واقعہ پیش نہیں آیا.

خدا خدا کر کے مخرم کے 9 دن اطمینان سے کٹے مگر روز عاشور ایک تازہ مصیبت آ پڑی اور وہ یہ کہ حکام نے پاتا نالہ سے گزرنے والے عَلَموں اور تابوتوں پر یہ قید کر دی کہ انمیں 2 سو سے زیادہ مجمع ہو.

یہ قید جس قدر توہین آمیز اور جانگزا تھی اس کا احساس تنطیم المومنین کے ارکان نے کیا اور وہ فورا موقع پر پہونچ گئے.

وزیر گنج سے تقریباً 5 ہزار مجمع کے ساتھ انہوں نے عَلَمِ مبارک اٹھا دیا. حکام ڈیوڑھی آغا میر کی چوکی پر پہلے ہی سے موجود تھے. جہاں انہوں نے علم کے راستہ میں مزاحمت کرنا چاہی. شیعیان حیدر کرار حسب الحکم قائد اعظم نواب سلطان علی خان صاحب جن کو انہوں نے آج کے مجاہدہ کا ڈکٹیٹر اول بنایا تھا اس جلتی ہوئی زمین پر بیٹھ گئے اور انہوں نے یہ مطالبہ کیا کہ جب تک ہم کو مع اپنے پورے مجمع کے پاٹے نالے سے گزرنے کی اجازت نہ دی جائے گی اس وقت تک ہم یہیں بیٹھے رہیں گے. تقریب 2 گھنٹہ تک مسلسل گفت و شنید کے بعد حکام نے اپنا حکم واپس لیا اور تنظیم المومنین کی کوششوں کی بدولت یہ علم نہایت شاندار طریقہ پر پاٹے نالے سے گزر گیا.

مدح ثلاثہ کا ایجی ٹیشن جاری تھا اور انجمن تحفظ ناموس صحابہ کے رکا کاران گرفتار ہو رہے تھے کہ ایک مرتبہ کسی نا معلوم سازش کے بعد مولوی حسین احمد صاحب مع احراریوں کے تشریف لے آئے اور ایجی ٹیشن میں شریک ہوگئے.

احراریوں نے ایجی ٹیشن کا رخ بدلا اور اب محلہ محلہ مدح ثلاثہ گانے والوں کے جلوس نکلنے لگے. اس چیز سے شیعوں کو انتہائی تکلیف تو ضرور ہوئی مگر وہ محض حکومت کی انصاف پسندی پر بھروسہ کئے ہوئے خاموش رہے اور اپنے جذبات کی پامالی پر عدم تشدد کے آنسو بہا بہا کر دل کو تسکین دیتے رہے.

اکثر ان کے وفود حکام سے ملے جنہوں نے انتظامی مشکلات کا بہانہ کر کے سنیوں کو موقع دینا شروع کیا کہ وہ شہر کا امن برباد کریں تا کہ اس طرح ھکومت کو یہ موقع مل سکے کہ وہ "پر اثر" احتجاج کہہ کر سنیوں کو مدح ثلاثہ کا حق عطا کر دے.

 

حافظ ابراہیم کی کوٹھی پر مارچ

 

اسی دوران میں ایک قابل ذکر واقعہ اور پیش آیا اور وہ یہ کہ تنظیم المومنین کے ارکان نے شیعوں کا ایک عظیم الشان جلوس جس میں تقریباً 15 ہزار افراد شریک تھے انجمن مرکزی دفتر سے اٹھایا جو رکاب گنج، آمین آباد، چار باغ ہوتا ہوا حافظ ابراہیم کے بنگلہ پر ختم ہوا جہاں اس محترم مجمع کی طرف سے سکریٹری تنظیم المومنین نے شیعوں کی معروضات اس شخص کے سامنے پیش کرنا شروع کیں جو گزشتہ کاؤنسل میں نہایت شد و مد سے مدح ثلاثہ کی حمایت میں ریزولوشن پیش کر چکا تھا.

سکریٹری صاحب تنظیم المومنین نے وزیر رسل و رسائل کا شکریہ ادا کی کہ انہوں نے نہایت تکلیف فرما کر مجمع کے معروضات سننے کی زحمت فرمائی اور اس کے بعد بتلایا کہ شہزادگان، رؤساء، نوابین اور شرفاء کا یہ مجمع محض اس لئے حاضر ہوا ہے کہ آپ مسلمان وزیر کی حیثیت سے اس کے جذبات سے حکومت کو واقف کر دیں اور ہماری امن پروری کو دیکھتے ہوئے حکومت کو یہ نہ سمجھنے دیں کہ ہم بالکل مردہ ہیں. ہم شہر کا امن نہیں خراب کرنا چاہتے مگر پھر بھی ہم پر دفعہ 107 لگائی جاتی ہے، ہمارے اخبارات سے بربر ضمانتوں کا مطالبہ ہو رہا ہے اور ہم یہ خبر سن رہے ہیں کہ ھکومت نے مولوی عبد الشکور صاحب کو لکھنؤ جیل میں بلایا ہے. یہاں ان سے مدح صحابہ کے مسئلہ پر گفتگو ہو رہی ہے. ہم کو یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ کانگریس گورنمنٹ، مسلم لیگ سے بھی اس معاملہ میں گفتگو کر رہی ہے.

ہم یہ بتلانا چاہتے ہیں کہ مسلم لیگ پر ہم کو ہرگز اعتماد نہیں ہے اور نہ اس کا فیصلہ ہمارے لئے قابل قبول ہوگا.

جناب سکریٹری صاحب نے مقامی حکام پولیس یعنی مسٹر توصیف اللہ اور مسٹر حامد علی کی سنی نوازی، شیعہ کشی اور اپنے فرائض منصبی سے غفلت کی بھی شکایت کی.

حافظ محمد ابراہیم صاحب نے فرمایا کہ میں سمجھتا ہوں کہ ہر ایک شخص کی حالت پر افسوس کرتا ہے اور اس کو بہتر بنانے کا متمنی ہے. مدح صحابہ کا قضیہ بہت زمانہ سے چل رہا ہے اور حکومت کی یہ خواہش ہے کہ اس کو جلد از جلد عمدہ طریقہ سے حل کر دے اور دوبارہ تعلقات بہتر ہو جائیں اور ہر شخص یہ بھول جائے کہ وہ سنی ہے یا شیعہ. ایک مذہب کے ماننے والوں میں یہ کشیدگی انتہائی افسوسناک ہے. ہندوستان ایسے ملک میں ہندو اور مسلمان جدا نہیں رہ سکتے نہ کہ سنی اور شیعہ جو ایک گھرانے کی دو شاخیں ہیں. امن فوج یا پولیس سے حاسل نہیں ہوتا بلکہ خود عوام ہی امن قائم رکھ سکتے ہیں. پولیس کے جانبدارانہ طرز عمل یا اخبارات پر پابندیوں کے متعلق مجھے کچھ معلوم نہیں مگر یہ آپ کا فرض ہے کہ اگر اخبارات فرقہ وارانہ باتیں تحریر کریں تو آپ ان کو ناپسند کریں اور حکومت اگر کوئی کار روائی ایسے اخبارات کے متعلق کرے تو اس کو ہرگز برا نہ سمجھیں. حکومت نہ تو مسلم لیگ سے گفتگو کر رہی ہے یہ مولوی عبد الشکور لکھنؤ آئے ہیں. یہ سب غلط افواہیں ہیں. آپ لوگ ایک وفد مقرر کر دیں جو مجھ سے باقاعدہ ملے اور پھر میں ان سے اور ڈپٹی کمشنر سے مل کر حکومت تک آپ کا نظریہ پہونچا دوں گا.

اس کے بعد مجمع نے سید اصغر حسن صاحب جج، نواب سلطان علی خان صاحب، مولانا آغا مہدی صاحب، مولانا ضامن حسین صاحب اور سکریٹری صاحب تنظیم المومنین کو اپنا نمایندہ مقرر کیا جو آیندہ وزراء اور حکام سے ملا بھی مگر سچ تو یہ ہے کہ شیعوں کو اسی قدم کے وفود نے مار ڈالا.

اگر شیعہ بجایے خوشامد کے سختی سے جسم لیتے تو آج یہ روز بدنہ دیکھنا پڑتا.

آہ، کیا ملا عرض مدعا کر کے        بات بھی کھوئی التجا کر کے

 

اسمبلی میں وزیر اعظم کا بیان

 

جمعرات 30 مارچ سنہ 1939ء کو طاہر حسین ایم. ایل. اے کے جواب میں وزیر اعظم یو. پی نے اپنا ایک مفصل بیان قضیۂ مدح صحابہ کے متعلق یو. پی اسمبلی میں دیا جس میں بتلایا کہ اب تک اتنے آدمی گرفتار ہو چکے ہیں جن میں سے 15 سو کو سزائیں ہوئی ہیں. ایجی ٹیشن بہت پر زور ہے چنانچہ ایک دن میں 364 تک گرفتاریاں ہو چکی ہیں.

جب ایک ضمنی سوال وزیر اعظم سے کیا گیا کہ کیا وہ گورنمنٹ ریزولیوشن 28 مارچ سنہ 1938ء کو عملی جامہ پہنائیں گے تو اس کے جواب میں انہوں نے فرمایا کہ یہ مسئلہ حکومت کے زیر غور ہے اور حکومت معاملہ کے تمام پہلوؤں پر غور کر رہی ہے.

 

صدر مجلس احرار کا خط وزیر اعظم کے نام

 

محمد اسماعیل صاحب ایم. ایل. اے صدر یو. پی مجلس احرار نے ایک خط آنریبل وزیر اعظم کو لکھا تھا جس میں ان کی توجہ سنیوں کے احتجاج کی طرف منعطف کرائی گئی تھی. آپ نے لکھا تھا کہ 2 ہزار سنی جیل میں ہیں اور یہ آگ سارے صوبہ میں پھیل رہی ہے اور ہر مقام سے ہمارے پاس جتھے آرہے ہیں. آپ نے یہ امید طاہر کرتے ہوئے کہ حکومت 12 نومبر کے کمیونک کے وعدہ کو پورا کرے گی. 2 سوال کئے تھے جو یہ ہیں:-

١. کیا حکومت واقعی سنیوں کو مدح صحابہ پڑھنے کی اجازت دینے کا خیال رکھتی ہے.؟ اگر ایسا ہے تو کب اجازت دی جائے گی.

٢. کیا حکومت عشرۂ چہلم اور 21 ماہ رمضان کو مدح صحابہ پر سے پابندیاں ہٹا لے گی.؟ کیونکہ یہ پابندیاں مداخلت فی الدین ہیں.

وزیر اعظم نے اس خط کا جواب 30 مارچ کی شب کو مع کمیونک کے محمد اسماعیل صاحب اور دیگر سنی لیڈران کو بھیج دیں تھا اور درخواست کی تھی کہ ایجی ٹیشن ملتوی کر دیاجائے کیونکہ بلا ایجی ٹیشن کے ختم کئے ہوئے یہ مراعات نہیں مل سکتی تھیں.

 

٣١ مارچ کا کمیونک

 

حکومت نے 11 نومبر کے اعلان میں واضح کر دیا ہے کہ سنی اپنے مکانوں، مسجدوں اور میلاد شریف میں مدح صحابہ پڑھ سکتے ہیں. جو چیز باقی تھی وہ ہے کہ سنیوں کو شاہراہ عام اور پبلک مقامات پر مدح صحابہ پڑھنے کی اجازت دی جائے. اس وقت چونکہ شیعہ سنی مصالحت کی کوشش ہو رہی تھی اس لئے حکومت اپنے کسی فیصلہ کو مناسب نہیں سمجھتی تھی مگر ہمیشہ وہ اس مسئلہ پر غور کرتی رہی. شہر کی اطمینان حالت اور شیعہ سنی مصالحتی گفتگو کی وجہ سے حکومت نے اب تک کوئی اعلان نہیں کیا.

چونکہ اکثر حلقوں میں عشرہ چہلم اور 21 رمضان کے 3 دنوں میں مدح صحابہ پڑھے جانے کے متعلق غلط فہمیاں پھیل رہی ہیں اس لئے حکومت یہ اعلان کر دینا مناسب سمجھتی ہے کہ سنیوں کس یہ حق تسلیم شدہ ہے اور وہ ان دنوں میں مدح صحابہ کر سکتے ہیں لیکن لوکل حکام کو جملہ انتظامی کار رسوائیوں، جلوس کے راستہ مقرر کرنے اور نظم کا پورا اختیار ہو گا. اپنے 11 نومبر کے اعلان کے سلسلہ میں حکومت سنیوں کو سالانہ 12 وفات کے دن مقام عام اور شاہراہ عام پر مدح صحابہ پڑھنے کا موقع دے گی جس کا مقام، وقت اور راستہ طے کرنے کا حق حکام شہر کو ہو گا.

 

ایجی ٹیشن کا انتظام

 

کمیونک کے شائع ہوتے ہی مجلس احرار نے ایجی ٹیشن کے التواء کا اعلانکر دیا مگر انجمن تحفظ ناموس صحابہ نے ایجی ٹیشن بند کرنے سے اس وقت تک کیلئے انکار کر دیا جب تک کہ مولوی عبد الشکور صاحب (جو ہردوئی جیل میں تھے.) اس کمیونک کو منظور نہ کر لیں.

تیسرے ہی روز مولوی عبد الشکور صاحب نے بھی اس کمیونک کو منظور کر لیا اور جملہ سنی اسیران "معافی نامہ" پر دستخط کرنے کے بعد چھوڑ دئے گئے.

صرف مولوی ظفر الملک صاحب جنہوں نے "معافی نامہ" پر دستخط کرنے سے انکار کر دیا تھا جیل میں رہ گئے اور تقریب ایک ماہ کے بعد وہ بھی "معافی نامہ" پر دستخط کرنے کے بعد رہا ہوئے.

 

تبرہ ایجی ٹیشن

 

شیعہ قوم کی خفتہ طاقتوں کے ظہور کا پہلا روز 30 مارچ تھا جس روز نواب سلطان علی خان صاحب قائد اعظم سپاہ عباسیہ انجمن تنظیم المومنین نے مع 21 آدمیوں کے امامباڑہ غفرانمآب سے اسیری کا خیر مقدم کیا اور اس کے بعد بحمد اللہ آج تک یہ احتجاج جارہی ہے اور اس وقت تک جاری رہے گا جب تک کہ ہم کو ہمارا حق نہ مل جائے.

 

شیعوں کا مطالبہ

 

١۔ 31 مارچ اور 11 نومبر کے سیاہ کمیونک واپس کرو.

یا 

٢۔ ان ہی قیود و شرائط کے ساتھ جن کے ساتھ مدح ثلاثہ کی اجازت دی گئی ہے ہم کو بھی تبرہ کی اجازت دو.

 

 

ذاکر حسین فاروقی بی. اے

 


شیعہ سوسائٹی بک ایجنسی لکھنؤ

 

فقط کتابوں سے متعلق اشہارات ہیں لہذا صفحہ نمبر 68 سے صفحہ نمبر 80 کی تحریر کو قلمزد کیا جا رہا ہے.



VIA PINTEREST



DEDICATED TO SHAHE KHORASSAN IMAM ALI IBNE MUSA REZA AS


Post a Comment

To be published, comments must be reviewed by the administrator *

جدید تر اس سے پرانی